خود ساختہ ماویسٹوں پر پولیس کیس

یلاریڈی۔/19فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماویسٹوں کے نام پر روپیہ وصول کرنے والے دو سابق ماویسٹوں پر پولیس نے کیس درج کرلیا۔ سب انسپکٹر مسٹر راکیش نے بتایاکہ ممباجی پیٹ کے کشٹیا، کاشی دھر نامی سابق ماویسٹ اس موضع کے نارائنا کو ماویسٹوں کا نام لیکر ہراساں کرنے لگے تھے اور ماویسٹوں کی پارٹی کیلئے 50ہزار روپئے دینے کا مطالبہ کیا ورنہ اٹرسٹی کیس میں ملزم بنانے کی دھمکی دی۔ جس پر خوف کے مارے نارائنا نے انہیں دس ہزار روپئے دے دیئے۔ مزید روپئے طلب کرنے پر اس نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس درج کرلیا۔

برقی کٹوتی کے خلاف
راستہ روکو احتجاج
یلاریڈی۔/19فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) زرعی شعبہ کو سات گھنٹے برقی سربراہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے منڈل لنگم پیٹ مستقر پر 33/11KV برقی سب اسٹیشن کی شاہراہ پر کسانوں نے راستہ روکو احتجاج کیا جس کی تائید کرتے ہوئے ٹی آر ایس قائدین نے محکمہ برقی ٹرانسکو عہدیداروں کے خلاف نعرے لگائے۔ کسانوں نے اس موقع پر کہا کہ کم از کم پانچ گھنٹے بھی برقی سربراہ نہ کئے جانے پر کاشت کیلئے دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ قائدین اور کسانوں نے برقی مسدودی بند کرنے اور برابر سات گھنٹے برقی سربراہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ برقی کیلئے ابھی سے لاپرواہی پر عوام اور کسانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

یادگیر تعلقہ پنچایت کا اجلاس
یادگیر۔/19فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایک پریس نوٹ کے بموجب یادگیر تعلقہ پنچایت کی مجلس عام کا اجلاس 25 فبروری کو منعقد ہوگا۔ اجلاس میں تعلقہ کی ترقی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔