خود ساختہ آئی اے ایس آفیسر گرفتار

حیدرآباد 28 جنوری (سیاست نیوز) خود کو آئی اے ایس عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے تروپتی مندر میں خصوصی پوجا میں شرکت کیلئے ٹکٹس فراہم کرنے کے بہانے بھگتوں کو ٹھگنے والے ایک دھوکہ باز کو سنٹرل کرائم اسٹیشن کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایچ وینکٹ رمنا راو نے ضیاء گوڑہ میں واقع ایپا مندر کے پجاری نرسمہا چاریلوعرف چنا سوامی کو بذریعہ فون یہ اطلاع دی کہ وہ مدھیہ پردیش کیڈر سے تعلق رکھنے والا آئی اے ایس عہدیدار ہے اور وہ ان کی پوجا سے بہت متاثر ہوا ہے۔ فرضی آئی اے ایس عہدیدار نے پجاری کو یہ بتایا کہ وہ تروپتی مندر کے انتظامیہ میں اثر رکھتا ہے

اور وہ خصوصی پوجا کیلئے ٹکٹس بھی فراہم کرسکتا ہے ۔ پجاری چنا سوامی نے دھوکہ باز کی باتوں میں آکر اپنے بھکتوں سے دھوکہ باز کے ایکسز بینک اکاونٹ میں وقفہ وقفہ سے 13 لاکھ روپئے جمع کئے اور وینکٹ رمنا اچانک غائب ہوگیا ۔ جس پر سائبر کرائم پولیس میں ایک شکایت درج کروائی گئی اور پولیس نے وینکٹ رمنا راو کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 6 لاکھ 40 ہزار روپئے نقد رقم ،ایک الٹو کار،دو موبائیل فون ،ایکسز بینک کے ڈیبٹ کارڈ بھی برآمد کرلئے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر پالا راجو نے بتایا کہ گرفتار ملزم سابق میں کئی سمنٹ کی فیاکٹریز میں کام کرچکا ہے اور قرض کے بوجھ سے پریشان تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وینکٹ رمنا راو حال ہی میں تروپتی مندر پوجا کیلئے گیا تھا اور اس نے وہاں یہ دیکھا کہ کئی افراد وی آئی پی کے توسط سے خصوصی پوجا میں شرکت کررہے ہیں اور 50 ہزار سے زائد روپیوں میں ٹکٹ فراہم کیا جارہا ہے ۔ پولیس نے گرفتار ملزم کو آج عدالت میں پیش کر کے اسے جیل منتقل کردیا۔