بغداد ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عراقی عہدیداروں کے مطابق ایک خودکش کار حملے میں بغداد میں واقع ایک فوجی چیک پوائنٹ کو نشانہ بنایا گیا جس میں 24 افراد ہلاک ہوگئے۔ دریں اثناء ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے دھماکو اشیاء سے بھری گاڑی ایک تجارتی علاقہ میں واقع چیک پوائنٹ میں گھسادی اور دھماکے میں شہریوں اور فوجیوں کے ہلاک ہونے کے علاوہ زخمیوں کی تعداد 14 بتائی گئی ہے۔ فی الحال خودکش کار حملے کی ذمہ داری کسی بھی فرد یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے تاہم جس انداز میں حملہ کیا گیا ہے وہ صرف دولت اسلامیہ کے جنگجو ہی کرسکتے ہیںکیونکہ دھماکہ ایک ایسے وقت کیا گیا جب عراقی افواج بغداد کے مغرب میں واقع شہر فلوجہ پر دوبارہ حملہ کرتے ہوئے اسے دولت اسلامیہ کے قبضہ سے دوبارہ حاصل کرنے کی تیاریاں کررہی تھی۔