بغداد ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عسکریت پسندوں نے آج سلسلہ وار خودکش حملے شمال مشرقی عراق کی مساجد پر کئے جن سے کم از کم 22 مصلی بشمول ایک سینئر پولیس عہدیدار ہلاک ہوگئے۔ بلدروز قصبہ میں نماز جمعہ کے بعد باہر آنے والے مصلیوں پر خودکش حملہ کیا گیا۔ دوسرے خودکش بم بردار نے اس کے بعد ہجوم کے درمیان خود کو دھماکہ سے اڑا لیا جس سے ہلاکتوں کے علاوہ 41 افراد زخمی ہوگئے۔ مہلوکین میں قصبہ کی پولیس کے کمانڈوز کرنل محمد التمیمی اور دیگر دو ملازمین پولیس بھی شامل ہیں۔ تیسرے خودکش حملہ آور نے اپنی کار نماز جمعہ کے بعد امام حسین مسجد صوبہ کنعان سے باہر آنے والے مصلیوں کے درمیان گھسادی جس کی وجہ سے 4 افراد ہلاک اور دیگر 18 زخمی ہوگئے۔ آئندہ ہفتہ امام موسیٰ کاظم کی برسی ہے جبکہ ہزاروں زائرین شمالی بغداد میں ان کی درگاہ تک جلوس نکالتے ہیں۔ فوری طور پر آج کے خودکش حملوں کی ذمہ داری کسی نے بھی قبول نہیں کی ہے۔ تاہم آئندہ ہفتہ کی تقریب کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔