خودسوزی کرنے والی خاتون فوت

حیدرآباد۔/16مارچ، ( سیاست نیوز) مزید جہیز کیلئے ہراسانی کے باعث ایک خاتون جس نے اقدام خودسوزی کیا تھا آج دوران علاج فوت ہوگئی۔ تفصیلات کے بموجب 30سالہ آفرین بیگم جو ناظم کی بیوی تھی 8مارچ کو اپنے مکان بنتاورم ضلع رنگاریڈی میں خود پر کیروسین چھڑک کر آگ لگالی۔ آفرین بیگم کو گاندھی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں پر وہ آج صبح زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی خاتون کو اس کے سسرالی رشتہ داروں نے مزید جہیز کیلئے مبینہ طور پر ہراساں کیا تھا جس کے باعث آفرین بیگم نے یہ انتہائی اقدام کیا۔ گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ میں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ بنتاورم پولیس نے آفرین کے شوہر اور دیگر سسرالی رشتہ داروں کے خلاف مزید جہیز کیلئے ہراسانی اور خودکشی پر مجبور کرنے کے تحت مقدمات درج کیا ہے۔