حیدرآباد /21 جون ( سیاست نیوز ) بالاپور کے علاقہ میں ایک دلسوز واقعہ پیش آیا ۔ جہاں والدین کی جانب سے مبینہ طور پر خواہش پوری نہ کرنے پر دلبرداشتہ ایک نوجوان لڑکی نے خودکشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 18 سالہ ثمینہ سلطانہ نے کل رات مبینہ طور پر پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ یہ لڑکی بالاپور علاقہ کے ساکن محمد خواجہ کی بیٹی تھی ۔ عید کیلئے اس نے 4 ہزار روپئے کا ایک جوڑا پسند کیا تھا اور اپنے والدین سے اس جوڑے کیلئے ضد کر رہی تھی ۔ تاہم معاشی طور پر کمزور والدین اپنی لخت جگر کی خواہش پوری کرنے میں ناکام تھے اور لڑکی کو ٹال رہے تھے ۔ محمد خواجہ پیشہ سے گل فروش بتایا گیا ہے ۔ ان کے مکان میں عید کی تیاریاں جاری تھیں اور خریداری اپنی معاشی حیثیت کے مطابق ہو رہی تھی ۔ تاہم لڑکی نے ایک مہنگا سوٹ پسند کیا تھا ۔ جس کو فراہم کرنا ان غریب والدین کی استطاعت سے باہر تھا ۔ جس سے دلبرداشتہ لڑکی نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ بالاپور پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے
چادرگھاٹ میں سڑک حادثہ تاجر ہلاک
حیدرآباد /21 جون ( سیاست نیوز ) چادرگھاٹ کے علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک نوجوان تاجر فوت ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 28 سالہ افروز خان جو ایل بی نگر مسجد لائین علاقہ کا ساکن تھا ۔ پیشہ سے تاجر بتایا گیا ہے ۔ آج صبح کے اوقات یہ نوجوان اپنی ایکٹوا موٹر سائیکل پر ملک پیٹ کے علاقہ سے گذر رہا تھا تیز رفتار بے قابو لاری کی زد میں آکر شدید زخمیہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پولیس چادر گھاٹ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔