خواتین کے گلے سے زیورات کا سرقہ کرنے والی ٹولی بے نقاب

حیدرآباد /26 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) پیدل راہ چلنے والی تنہا خواتین کے گلے سے طلائی زیورات کی رہزنی کرنے والی ایک بدنام زمانہ ٹولی کو پولیس نے بے نقاب کردیا اور اس ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈی سی پی ویسٹ زون نے یہ بات بتائی ۔

انہوں نے بتایا کہ آصف نگر اور نارتھ زون ٹاسک فورس پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ سارقین 50 سالہ جے کشن سنگھ عرف جے کشن عرف جاکی عرف جے کے ساکن ایم سی ایچ کالونی کلثوم پورہ ٹھاکر پرمود سنگھ عرف پرمود 38 سال ساکن روپ لال بازار شاہ علی بنڈہ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 23 تولہ طلائی زیورات جس کی مالیت تقریباً ساڑھے چھ لاکھ بتائی گئی ہے کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے اس کیس میں سارقین کے ساتھ مسروقہ سامان کو خریدنے والے دو افراد 36 سالہ سری راجو ساکن جیہ گوڑہ ۔

کیول سنگھ 35 سالہ ساکن جیہ گوڑہ کو بھی گرفتار کرلیا ۔ بدنامہ زمانہ سارقوں کی یہ ٹولی بڑی کالونیوں اور مصروف ترین اوقات میں تنہا پیدل چلنے والی خواتین کو نشانہ بنایا کرتی تھے ۔ اس ٹولی پر آصف نگر میں تین اور بہادرپورہ ، شاہ عنایت گنج لنگر حوض اور چکڑپلی میں فی کس ایک مقدمہ پایا جاتا ہے ۔ یہ بدنام زمانہ سارق جولائی 2013 میں جیل سے رہا ہوئے تھے ۔ ڈی سی پی نے زیورات کے تاجرین کو مشورہ دیا کہ مسروقہ اشیاء کی خریداری نہ کریں چونکہ مسروقہ اشیاء و سامان کی خریدی بھی جرم ہے اور ایسے تاجرین کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ اس موقع پر اے بی پی آصف نگر مسٹر ونود ، انسپکٹر آصف نگر مسٹر نرسیا ، نارتھ زون ٹاسک فورس انسپکٹر مسٹر اے پی آنند کمار و دیگر موجود تھے ۔