خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ پر پرانے شہر کے دو افرادگرفتار

حیدرآباد ۔ /29 اپریل (سیاست نیوز) خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور ہراساں کرنے کے الزام میں سٹی پولیس کی شی ٹیم نے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں اور ایک طالبعلم کو گرفتار کرلیا ۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس (کرائمس) شریمتی سواتی لکرا نے بتایا کہ 30 سالہ عمران بن محمد ساکن شاہ علی بنڈہ اور 29 سالہ سید نوراللہ حسینی ساکن بہادر پورہ علاقہ پنجہ گٹہ سے کار میں گزرنے والی ایک خاتون سے مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ شروع کی اور بعد ازاں اس کا تعاقب کرتے ہوئے قابل اعتراض اشارے کئے ۔ خاتون نے اپنے موبائیل فون سے عمران اور نور اللہ کی تصویریں کھینچتے ہوئے اسے سنٹرل کرائم اسٹیشن کے شی ٹیم فیس بک پر اپ لوڈ کیا اور اس سلسلے میں شکایت بھی درج کروائی ۔ خاتون کی اطلاع پر شی ٹیم فوری سرگرم ہوگئی اور خاتون کی جانب سے فراہم کئے گئے تصاویر کی مدد سے نوجوانوں کے گاڑی کا نمبر حاصل کیا اور ان کا پتہ لگانے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ شی ٹیم نے عمران بن محمد اور سید نوراللہ حسینی کو گرفتار کرلیا اور انہیں آج عدالت میں پیش کیا گیا ۔ اسی قسم کے ایک دوسرے واقعہ میں 28 سالہ ڈی پردیپ کمار ساکن مشیرآباد جو طالبعلم ہے اپنے ساتھی طالبہ کو بذریعہ فون دھمکا رہا تھا اور اس سے دوستی نہ کرنے پر قابل اعتراض فوٹوز اور ویڈیوز سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کرنے کا انتباہ دیا ۔ طالبہ نے شی ٹیم سے اس سلسلے میں شکایت درج کروائی اور اسے فوری گرفتار کرلیا گیا ۔ شریمتی سواتی لکرا نے بتایا کہ حیدرآباد سٹی پولیس کی شی ٹیمس ہنوز سرگرم ہے اور شہر کے بس اسٹاپس ، ریلوے اسٹیشن ، شاپنگ مالس ، پارکس ، ہاسپٹل ، مندر اور دیگر عوامی علاقوں میں موجود ہے تاکہ خواتین کو ہراساں کرنے والے افراد کے خلاف بروقت کارروائی کی جاسکے ۔