نئی دہلی۔28 فروری (سیاست ڈاٹ کام )آئی پی ایل کے دوران ہونے والے خواتین ٹی 20 نمائش میچوں کا انعقاد پلے آف کے دوران کیا جا سکتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ پروگرام کے مطابق صرف یہی وقت خالی ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ میچوں کا انعقاد شام 7 بجے سے کروایا جا سکتا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی توجہ مبذول کرسکیں۔بورڈ کے ایک عہدیدار نے کہاکہ گزشتہ سال کی طرح ہمارے پاس صرف پلے آف کے دوران ہی وقت ہے لیکن بہت کچھ انتخابات کی تاریخوں پر منحصر ہے۔گزشتہ سال سوپرنوکی اور ٹریلبلیجرس کے درمیان میچ دوپہر بعد دو بجے شروع ہوا تھا۔ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ناظرین کی تعداد حوصلہ افزاء نہیں تھی ۔اس میچ میں ہرمن پریت ،گراس، اسمرتی مدھانا، ایلس پیری اور سوجی بیٹس جیسی کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا اور یہ دلچسپ بھی رہا تھا، لیکن مرد آئی پی ایل پلے آف سے پہلے کھیلے جانے کے باوجود شائقین نے اس میں کم دلچسپی دکھائی تھی۔بی سی سی آئی نے کہاکہ ہم الیکشن کمیشن سے عام انتخابات کے پورے پروگرام کا اعلان کا انتظار کر رہے ہیں اور اس کے بعد ہم خواتین کے میچوں کے پروگرام کو بھی حتمی شکل دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ان میچوں کا انعقاد دن میں کرنے کے بجائے جب آئی پی ایل میچ نہ ہوں، تب شام کو سات بجے سے صحیح رہے گا،دن میں بہت کم شائقین میدان کا رخ کرتے ہیں اور ماضی کے تجربے میں ہوئی ناکامی ہمیں پھر یہ ہی فیصلہ کرنے سے روک رہی ہے۔یاد رہے کہ آسٹریلیا میں خاتون زمرے کی لیگ کوکافی مقبولیت حاصل ہے لہذا اب ہندوستان میں بھی خواتین کی لیگ کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے۔