خواتین کو خود مکتفی بننے کے لیے ہنر سیکھنے کا مشورہ

کریم نگر میں بیواؤں میں رمضان کٹس کی تقسیم ، جناب خیر الدین کا خطاب
کریم نگر ۔ 4 ۔ جولائی : ( فیکس ) : فاونڈیشن فار اکنامکس اینڈ ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ حیدرآباد زکواۃ اینڈ چیارٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے 3 جولائی بمقام مانیر گارڈن بوقت صبح 10 بجے بیواؤں اور مطلقہ خواتین میں رمضان کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ اس موقع پر جناب محمد خیر الدین امیر مقامی جماعت اسلامی ہند کریم نگر نے مخاطب کیا اور کہا کہ جو بھی مصیبت اور پریشانی لاحق ہوتی ہے چاہے وہ اپنے عزیز کے انتقال کی شکل میں ہو اللہ کی جانب سے ہوتی ہے ایسے حالات میں اللہ پر بھروسہ اور توکل کرنے سے اللہ تعالیٰ مزید ہدایت بخشتا ہے ۔ آپ تمام بیوائیں اور مطلقہ خواتین خود مکتفی ہونے کی کوشش کریں ۔ کام سیکھیں جو خود مکتفی ہوسکیں ۔ محنت اور مشقت سے مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کی صحیح تعلیم و تربیت کریں ۔ رمضان کا مہینہ ہے قرآن کو پڑھیں اور سیکھیں اور ان روزوں کے ذریعہ سے تقویٰ حاصل کریں ۔ جناب اسحاق علی ڈائیٹ لکچرر نے مخاطب کیا اور انہوں نے خواتین سے کہا کہ اپنے حوصلے بلند رکھیں اور ہمت اور خود اعتمادی سے حالات کا مقابلہ کریں ۔ تعلیم کی طرف توجہ دیں اور بچوں کو روزگار پر لگانے کے بجائے اچھی تعلیم و تربیت کریں تاکہ ان کی زندگی بھی اچھی ہو ۔ اس جلسہ کو ناظم شعبہ خواتین سمیہ لطیفی اور عائشہ سلطانہ نے بھی مخاطب کیا ۔ جناب خواجہ صلاح الدین ڈسٹرکٹ سپروائزر نے کہا کہ ضلع میں 525 بیواؤں اور مطلقہ خواتین میں 115 کریم نگر میں 115 بیواؤں و مطلقہ میں رمضان راشن کٹس تقسیم کئے گئے ۔ 53 یتیم لڑکیوں کی شادیاں کروائی گئیں اور 28 بیواؤں اور مطلقہ کی شادیوں میں سامان کی امداد کی گئی اور MBBS 15 کے طلباء کو مدد کی جارہی ہے اور ٹرسٹ کی جانب سے سرکاری مدارس میں 28 ٹیچرس کا انتظام کیا گیا جو دینی تعلیم دیں ۔ اس پروگرام میں محمد عبدالصمد لطیفی ناظم شعبہ نشرو اشاعت جماعت اسلامی کریم نگر کے علاوہ کئی لوگوں نے شرکت کی ۔۔