اڈیشنل کمشنر پولیس کرائم سواتی لکرا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /27 جنوری (سیاست نیوز) خواتین کے تحفظ اور انسداد ہراسانی کیلئے قائم کی گئی حیدرآباد سٹی پولیس کی ’’شی ٹیم‘‘ نے دونوں شہروں کے مختلف مقامات سے 11 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ خواتین سے چھیڑ چھاڑ میں ملوث پائے جانے پر پولیس نے یوم جمہوریہ کی سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ تقریب کے دوران دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کرائم شریمتی سواتی لکرا نے بتایا کہ 27 سالہ وی مہیندر جو پیشہ سے ڈرائیور ہے اور 22 سالہ شیخ چاند پاشاہ جو خانگی ڈرائیور ہے اور ان کا تعلق ضلع ورنگل سے ہے یوم جمہوریہ کے موقع پر سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ میں لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ میں ملوث پائے گئے ۔ شی ٹیم نے ان نوجوانوں کی حرکت کو ویڈیو گرافی کے ذریعہ قید کیا اور انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ اسی طرح ایس ایم ایس اور فون کالس کے ذریعہ خاتون کو ہراساں کرنے والے 29 سالہ محمد انور ساکن بنجارہ ہلز روڈ نمبر 2 کو گرفتار کرلیا گیا ۔ 24 سالہ شیخ عمران ساکن آصف نگر اور 25 سالہ محمد سلمان ساکن کاروان کو شی ٹیم پولیس نے ایک خاتون کو برہنہ تصاویر روانہ کرنے پر گرفتار کرلیا ۔ اسی طرح 30 سالہ مَنے آنند ساکن بیگم بازار کو خاتون سے چھیڑ چھاڑ پر گرفتار کرلیا گیا ۔ شی ٹیم نے 27 سالہ اے موہن کمار ساکن گھوڑے کی خبر بیگم بازار ، 35 سالہ ایس ارجن ساکن تارناکہ ، 21 سالہ جی رنجت گوڑ ساکن چنچل گوڑہ کو لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ پر گرفتار کرلیا گیا ۔ اسی طرح ضلع گنٹور سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ ٹی راما کرشنا جو پیشہ سے خانگی ملازم ہے کو بھی گرفتار کرلیا گیا ۔ گرفتار افراد کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا ۔