خواتین جدوجہد کریں، اچھے دن ضرور آئیں گے
محبوب نگر میں سمینار کا انعقاد، ضلع کلکٹر سری دیوی اور دیگر کا خطاب
محبوب نگر /8 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خواتین احساس کمتری کا ہرگز شکار نہ ہوں، بلکہ سماج میں سدھار لانے کے لئے جدوجہد کریں تو اچھے دن ضرور آئیں گے۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر تلنگانہ ویمن فیڈریشن کے زیر اہتمام ضلع پریشد میٹنگ ہال میں منعقدہ سیمینار بعنوان ’’عالمی ترقی میں خواتین کا رول‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر سری دیوی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کو بچپن سے ہی خواتین کا احترام سکھائیں۔ اس موقع پر اول خاتون ٹیچر ساوتری بائی پولے کے پورٹریٹ پر پھول مالا چڑھایا اور کہا کہ خواتین کو سیاسی میدان میں برابری کا حصہ ملنا چاہئے۔ بیسویں صدی سے قبل خواتین نے جو تحریک چلائی تھی، اسی کا ثمرہ ہے کہ یوم خواتین عالمی سطح پر منعقد کیا جاتا ہے۔ سماج میں مرد و خواتین مساوی ہیں اور خواتین کے ساتھ تنگ نظری بالکلیہ مناسب نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ کم عمر کی شادیوں، غربت اور ناخواندگی سے سماج پسماندگی کا شکار ہو رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کم عمر کی شادیوں کو روکنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔ انھوں نے وہاں پر موجود خاتون ٹیچرس پر زور دیا کہ کم عمر کی شادیوں کو روکنے کے لئے والدین میں شعور بیدار کریں۔ آبادی میں خواتین کی شرح میں کمی پر انھوں نے اظہار افسوس کیا اور کہا کہ بیٹی بچاؤ تحریک کا ساتھ دیا جائے اور لڑکا و لڑکی کے فرق کو مٹانے کے لئے عوام میں شعور بیدار کیا جائے۔ انھوں نے دہلی میں پیش آئے نربھے کیس کے ملزم کے بیان کو جس میں خواتین کو قصوروار ٹھہرایا گیا ہے، سخت مذمت کی۔ انھوں نے گاندھی جی کا قول یاد دلایا کہ آزادی کا تصور اس وقت تک پورا نہ ہوگا، جب تک کہ خواتین نصف شب بلا جھجک گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ انھوں نے کہا کہ آج آدھی رات کو خاتون کا گھر سے باہر نکلنا اور صحیح سلامت گھر واپس آنے کی توقع موہوم ہوگئی ہے۔ انھوں نے ٹیچروں کو مشورہ دیا کہ وہ موجودہ حالات میں پیش آرہے جرائم کے واقعات سے متعلق بچوں میں شعور بیدار کریں۔ ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر راجا رام نے کہا کہ خواتین کے لئے کئی اسکیمات جاری ہیں، لیکن صحیح سمت میں عمل آوری نہیں ہو رہی ہے۔ مساویانہ حقوق پر عمل آوری کے لئے یوم خواتین ایک پلیٹ فارم بن سکتا ہے۔ اس موقع پر ضلع پریشد سی او ناگماں نے کہا کہ ضلع تعلیم کے میدان میں پسماندہ ہے۔ ساوتری بائی پولے کی زندگی اور خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین کو ان کا حق دلایا جائے گا۔ اس موقع پر نزہت فاطمہ، انورادھا، ٹی ڈبلیو ٹی ایف کی صدر ارونماں نے بھی مخاطب کیا۔ بعد ازاں یوم خواتین کے موضوع پر منعقدہ تحریری و تقریری مقابلوں میں نمایاں مظاہرہ کرنے والوں میں ضلع کلکٹر اور ایڈیشنل جوائنٹ کے ہاتھوں مومنٹوز تقسیم کئے گئے۔