جکارتہ، 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی خواتین اور مرد کمپاؤنڈ ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اتوار کو 18 ویں ایشیائی کھیلوں میں کمپاؤنڈ ٹیم مقابلے کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا اور ملک کے لئے کم از کم دو چاندی کا تمغہ پکے کر دیئے ۔ ہندستان کا دونوں ہی زمروں کے فائنل میں تیر اندازی کے پاور ہاؤس جنوبی کوریا سے منگل کو مقابلہ ہو گا ۔مسکان کرار، مدھومتا کماری اور جیوتی سریکھا وینم کی کمپاؤنڈ ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل مقابلے جیت کر خاتون کمپاؤنڈ ٹیم مقابلے کے فائنل میں داخل ہوئیں ۔ہندستانی خواتین نے سیمی فائنل میں چینی تائی پے کو نزدیکی مقابلے میں 225-222 سے شکست دی۔ اس سے پہلے کوارٹر فائنل میں ہندستانی خاتون ٹیم نے انڈونیشیا کی ٹیم کو 229-224 سے شکست دی تھی۔رجت چوہان، امن سینی اور ابھیشیک ورما کی ہندستانی مرد ٹیم نے ایک ہی دن میں تین مقابلے جیت کر فائنل میں جگہ بنائی۔ ہندستان نے پری کوارٹر فائنل میں قطر کو 227-213 سے ، کوارٹر فائنل میں فلپائن کو 227-226 اور سیمی فائنل میں تائی پے کو 231-227 سے شکست دی۔سیمی فائنل میں پہلے سیٹ میں ہندستانی خواتین 55-58 سے پچھڑ گئیں اور دوسرے سیٹ میں بھی انہیں 55-57 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لیکن ہندوستانی ٹیم نے جدوجہد کا جذبہ دکھایا اور اگلے دو سیٹ 57-55 اور 58-52 سے جیت لئے ۔ ہندستان نے 225-222 سے کامیابی حاصل کی۔چوتھے سیٹ میں چھ پوائنٹس کا فاصلہ میچ میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔ اس سیٹ میں ہندستانی نشانے بازوں نے سدھے ہوئے نشانے لگائے اور چار بار پرفیکٹ 10 حاصل کئے جس نے مقابلے کا رخ ہندستان کے حق میں موڑ دیا۔ تین سیٹ کے اختتام تک ہندوستانی ٹیم 167-170 سے پچھڑی ہوئی تھی لیکن آخری سیٹ میں ہندستان نے بازی پلٹ دی۔