ممبئی۔24مئی(سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی آل راؤنڈر اور خاتون ٹوئنٹی20 چیلنج میچ میں متاثر کن بولنگ کرنے والی ایلس پیری نے بھی خواتین آئی پی ایل کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کرکٹ اور خواتین کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔آئی پی ایل کے پہلے کوالیفائنگ سے پہلے ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں خواتین ٹوئنٹی20 چیلنج کا واحد میچ کروایا گیا تھا۔ اس میچ میں میزبان ہندوستان ، آسٹریلیا اور انگلینڈ سمیت اہم خاتون غیر ملکی کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔اس میچ میں ٹریلبلزرس کے خلاف سوپر نوا ٹیم کا حصہ رہیں پیری نے ٹیم کی تین وکٹ کی دلچسپ جیت کے بعد کہا کہ ان کے لیے اس نمائشی میچ میں کھیلنا بہت خاص تجربہ رہا اور وہ اسے اپنے لئے بڑا موقع سمجھتی ہیں۔ ہرمن پریت کور کی کپتانی میں سوپرنووا کی ٹیم کی جانب سے20 رن پر دو وکٹ لینے والی آسٹریلیائی کرکٹر نے کہا یہ بہت دلچسپ اور چیلنجنگ میچ تھا جس میں کافی مزہ آیا۔پیری نے کہا میرے لیے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلنا اپنے آپ میں بڑا موقع تھا۔ اس طرح کے میچ کھیلوں کے لئے ضروری ہوتے ہیں اور کھلاڑیوں کی ترقی میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ہمیں مختلف حالات میں نئے کوچ کے ساتھ کھیلنے کا بھی موقع ملتا ہے۔ دنیا کی سب سے مشہور ٹوئنٹی 20 لیگ آئی پی ایل کے دوران خواتین ٹی20 میچ کروانے کو خواتین کے آئی پی ایل کی سمت میں ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے ۔ آسٹریلیائی کھلاڑی نے اس پر کہا میں خواتین کے آئی پی ایل کے سلسلے میں نہیں جانتی لیکن یہ میچ اس کے لیے اچھی شروعات ہو سکتی ہے ۔ ہمارے ملک میں بگ بیش لیگ ہوتی ہے اور انگلینڈ میں بھی سوپر لیگ کروائی جاتی ہے ۔ اگر ہندوستان میں بھی ایسا ہوگا تو اچھی بات ہے ۔ انہوں نے کہا میرے کیریئر کا یہ بڑا موقع ہے کہ مجھے وانکھیڑے آکر اس میچ کا حصہ بننے کا موقع ملا۔ اگر خواتین آئی پی ایل جیسا کچھ شروع ہو تویہ اچھا ہو گا۔