نئی دہلی ، 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ دہے کے دوران اُن کے کئی موڑ سے بھرپور سفرہائے ٹینس میں یوں تو بہت سارے یادگار لمحات آئے لیکن عالمی نمبر 1 بننے کا جو احساس ہے وہ کچھ ایسا ہے کہ ثانیہ مرزا کو ’’خواب کی تکمیل‘‘ معلوم ہورہی ہے حالانکہ انھوں نے ہمیشہ اس کارنامے کی انجام دہی کا خواب دیکھا ہے۔ مارٹینا ہنگس کے ساتھ مل کر غیرمعمولی تسلسل میں ہندوستانی اسٹار نے گزشتہ تین ٹورنمنٹس میں ایک میچ تک نہیں ہارا اور چارلسٹن (امریکہ) میں خطابی جیت کے ساتھ وہ اب ڈبلز سیکشن میں ڈبلیو ٹی اے رینکنگ ٹیبل میں سرفہرست مقام پر پہنچ گئی ہیں۔ وہ لینڈر پیس اور مہیش بھوپتی کے بعد اس اونچائی تک پہنچنے والی محض تیسری ہندوستانی ہیں۔ ’’مجھے واقعی بہت مسرت ہورہی ہے۔ یہ خواب جیسا احساس ہے۔ یہ وہی چیز ہے جس کا میں نے میری زندگی میں خواب دیکھ رکھا تھا۔ میں اس کے حصول پر بے انتہا خوش ہوں!‘‘ ثانیہ نے چارلسٹن سے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔ ثانیہ کے نام کے ساتھ اُن کے 12 سال طویل ٹینس سفر میں ابھی تک کئی اولین باتیں جڑی ہیں ۔ یہ ایسا سفر ثابت ہوا ہے جو کامیابی اور کبھی کبھی مایوسی کے لمحات سے بھرا پڑا ہے۔ گرانڈ سلام خطابات جیتنے سے لیکر اپنے پروفیشنل کیریئر کی طوالت کیلئے سنگلز چھوڑنے تک کئی اہم موڑ آئے ہیں۔ ان تمام نشیب و فراز کو اب نمبر 1 رینک نے یوں سمجھئے کہ فراموش کرا دیا ہے!