خلیل احمد ہندوستان کی 10سال نمائندگی کے خواہاں

دبئی ۔19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کے ٹونک ضلع کے 20 سالہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر خلیل احمد نے ایشیا کپ 2018 میں ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کا اعزازحاصل کرلیا اور پہلے ہی مقابلے میں انہوں نے خود کو ایک بڑے بولر کی آمد کی خوشخبری بھی سنادی۔ انہیں کارگزار کپتان روہت شرما نے ہندوستانی ٹیم کی ٹوپی سونپی۔ اس ٹورنمنٹ میں مستقل کپتان وراٹ کوہلی کوآرام دیا گیا ہے، لہٰذا روہت شرما 16 رکنی ٹیم کی کمان سنبھال رہے ہیں اورٹیم میں واحد نیا چہرہ خلیل احمد ہیں، جن کی صلاحیت کو نکھارنے میں ٹیم کے عظیم کھلاڑی اور انڈر19 ٹیم کی کوچنگ کرچکے راہول ڈراویڈ کا زبردست تعاون رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خلیل احمد کی بولنگ رفتار148 کلومیٹرہے، جواپنے آپ میں شاندارہے۔خلیل نے پہلے ہی مقابلے میں اپنی اہمیت ثابت کردی ہے جیسا کہ انہوں نے ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں دباؤ کے لمحات میں وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا ہے کیونکہ ہانگ کانگ کے اوپنرس نزاکت خان اور انشومان راتھ نے پہلی وکٹ کیلئے 174 رنز اسکور کرتے ہوئے نہ صرف ہندوستانی کھلاڑیوں کو مشکل میں ڈال دیا تھا بلکہ وہ ایک حیران کن کامیابی کی سمت بھی آگے بڑھ رہے تھے لیکن اس موقع پر خلیل نے بہتر بولنگ کا مظاہر کرتے ہوئے ٹیم کو مقابلے میں واپسی کا موقع فراہم کیا۔ ہندوستان کوظہیرخان کے بعد سے ایک عدد بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کی تلاش تھی لیکن کوئی ایسا بولر نہیں ملا جوٹیم میں اپنی جگہ یقینی بناسکے۔ حالانکہ جے دیوانادکٹ اوربریندرسرن کی ٹیم میں آمد ہوئی لیکن وہ بھی اس خالی جگہ کو پر کرنے میں ناکام رہے لہذا اب ہندوستانی سلیکٹروں نے نوجوان خلیل احمد پر بھروسہ کیا ہے۔ویسے ٹیم میں شامل ہونے پرخلیل نے بھی اپنے ارادے ظاہرکردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب مجھے منتخب کیا گیا ہے، میں صرف ایشیا کپ ہی نہیں ہندوستان کے لئے زیادہ سے زیادہ میچ کھیلنا چاہتا ہوں۔ میں کم ازکم 10 برسوں تک کھیلنا چاہتا ہوں اورزیادہ سے زیادہ وکٹ حاصل کرنا چاہتا ہوں۔ خلیل احمد نے انڈر۔14 راج سنگھ ڈونگرپورٹرافی میں چارمیچوں میں 26 وکٹ لے کرتہلکہ مچا دیا تھا، لیکن صحیح معنوں میں یہ نوجوان تب سرخیوں میں آیا، جب سال 2016 کے آئی پی ایل سیزن میں دہلی ڈیئرڈیولس نے انہیں 10 لاکھ روپئے کی قیمت پراپنی ٹیم میں شامل کیا۔ حالانکہ پورا سیزن یہ نوجوان بینچ پربیٹھا رہا، لیکن راہول ڈراویڈ کے ساتھ نے ان کی شبیہ بدل دی۔یہی نہیں خلیل احمد 2016 انڈر۔19 ورلڈ کپ میں بھی ٹیم کا حصہ تھے اورایشان کشن کی ٹیم کے لئے انہوں نے 6 میچوں میں تین وکٹ لئے، اس کے بعد فروری 2017 میں انہوں نے راجستھان کے لئے ٹی 20 کرکٹ کا آغازکیا۔ وہیں اسی سال اکتوبرمیں وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں پہلا مقابلہ کھیلنے میں کامیاب ہوئے۔یاد رہے کہ ہانگ کانگ کے خلاف شاندار مظاہرے کے باجود انہیں پاکستان کے خلاف موقع نہیں دیا گیا لیکن انہیں ورلڈکپ کے منصوبہ کے تحت ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔