خلیج ریلوے منصوبہ سے 80 ہزار ملازمتوں کی گنجائش

ابوظہبی ۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ایوان ہائے صنعت وتجارت کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم نقی نے کہا تنظیم کے تمام چھ رکن ممالک کو ملانے والی ریلوے لائن کے منصوبے سے 80 ہزار بالواسطہ اور بلاواسطہ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ عبدالرحیم نقی نے سعودی روزنامے ‘عکاظ/ سعودی گزٹ’ سے کہا کہ یہ منصوبہ تمام رکن ممالک کیلئے اہمیت کا حامل اور اہم منصوبہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبہ کے نتیجے میں خلیجی ممالک کی معیشت پر مثبت اثر پڑیگا اور مختلف شعبہ جات میں مزید ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونگے۔ خلیجی ریاست کویت کے کویت شہر سے شروع ہونے والا یہ ٹرین کا راستہ اومان کے دارالحکومت مسقط میں جا کر ختم ہوگا اور اس ریلوے لائن کے 2117 کلومیٹر طویل ریلوے لائن کو بچھانے کا مکمل خرچ سینکڑوں ارب ڈالر ہے جس میں دو پلوں کی تعمیر شامل ہے۔ اس ریلوے لائن پر چلنے والی مسافر ٹرین 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کریگی اور مال بردار ٹرینیں 80 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔