خلیجی تعاون کونسل کا آج ہنگامی اجلاس

سعودی شاہ سلمان کی جانب سے امیر قطر شیخ تمیم کو دعوت
دوحہ۔29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب اور قطر کے درمیان تقریباً 2 سال سے جاری سرد تعلقات میں نرمی آنے لگی جس کی مثال سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے خلیج تعاون کونسل کے ہنگامی اجلاس میں قطری امیر کو مدعو کرنا ہے۔قطری وزارت خارجہ کے مطابق سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے قطری امیر شیخ تمیم بن آل ثانی کو 30 مئی کو ہونے والے خلیج تعاون کونسل کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کا تحریری پیغام موصول ہوا ہے۔قطری وزارت خارجہ کے مطابق سعودی فرمانروا کا پیغام نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبداللہ رحمن آل ثانی کو اْس وقت موصول ہوا جب وہ جی سی سی کے سیکریٹری جنرل عبدالطیف بن راشد الزیانی کیساتھ دوحہ میں اجلاس میں مصروف تھے۔سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی جانب سے قطر سے تعلقات منقطع کیے جانے کے بعد سرکاری طور پر سعودی عرب کا قطر سے یہ پہلا باضابطہ رابطہ ہے۔یاد رہے کہ جون 2017 میں سعودی عرب، مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے قطر پر دہشت گردوں کی حمایت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے زمینی، سمندری اور فضائی پابندی لگاتے ہوئے تعلقات منقطع کرلیے تھے۔دوسری جانب قطر نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کی سختی سے تردید کی تھی۔