خطرناک گینگسٹر پولیس تحویل سے فرار

نئی دہلی 26 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کی پڑوسی ریاستوں میں ایک گینگسٹر وکرم عرف پارس کی تلاش کیلئے بڑے پیمانے پر مہم شروع کردی گئی ہے جو پولیس تحویل سے عصری ہتھیاروں کے ساتھ فرار ہوگیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ وکرم عرف پارس چار پولیس اہلکاروں کو نشیلی ادویات دینے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے ۔ کہا گیا ہے وکرم پانچ MP5 مشین گنوں اور 15 کارآمد کارتوسوں کے ساتھ فرار ہوگیا ہے ۔ جو پولیس اہلکار اس کے ساتھ تھے انہیں لاپرواہ رویہ کا الزام عائد کرتے ہوئے معطل کردیا گیا ہے ۔

پولیس کے بموجب یہ واقعہ کل رات اس وقت منظر عام پر آیا جب رات دو بجے پی سی آر کال کو ایک فون موصول ہوا جس میں کہا گیا تھا کہ ایک پولیس اہلکار پرانے دہلی ریلوے اسٹیشن کے پارکنگ لاٹ میں بیہوشی کے عالم میں پڑا ہوا ہے ۔ جب وہاں ایک پولیس ٹیم پہونچی تو مزید دو پولیس ملازمین غشی کی حالت میں پلیٹ فارم پر پائے گئے جبکہ ایک اور پولیس ملازم وکرم کو تلاش کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشن پر گھوم رہا تھا ۔ وہ بھی نیم غشی کی حالت میں تھا ۔ چاروں پولیس اہلکاروں ہیڈ کاسٹیبل دنیش اور کانسٹیبلس میر سنگھ ‘ اجئے اور رمیش کا تعلق دہلی پولیس کی تیسری بٹالین سے ہے اور وہ 22 ڈسمبر کو وکرم کو بھٹنڈہ لے گئے تھے ۔

ایک سینئر پولیس عہدیدار کے بموجب بھٹنڈہ سے انہوں نے کسی شربت کی دو بوتلیں اور کچھ دوسری اشیا خریدی تھیں اور روہتک پہونچنے پر انہوں نے اسے استعمال کیا تھا ۔ اس کے استعمال کے بعد یہ بیہوش ہوگئے تھے اور انہیںکچھ بھی یاد نہیں ہے ۔ عہدیدار نے بتایا کہ ان چاروں کو معطل کردیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ وکرم کے فرار کے بعد دہلی اور پڑوسی اضلاع میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کردی گئی ہے اور یہ ٹیمیںدہلی ‘ ہریانہ ‘ پنجاب اور دوسری ریاستوں میں مشتبہ ٹھکانوں پر دھاوے کر رہی ہیں۔