خطاب کی دعویدار راڈ وانسکا اور کربر کو شکست

میڈرڈ ۔ 2 ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) سرفہرست اور خطاب کی دعویدار کھلاڑیوں میں شامل اگنس زکا راڈوانسکا اور آسٹریلین اوپن چمپین انجیلک کربر کو سیزن کے دوسرے گرانڈ سلام فرنچ اوپن کی ضمن میں کھیلے جانے والے میڈرڈ اوپن کے پہلے ہی مرحلہ میں حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔ عالمی نمبر 1 سرینا ولیمس کی عدم موجودگی میں راڈوانسکا کو ٹورنمنٹ میں پہلا مقام حاصل ہوا تھا لیکن انہیں سلواکیہ کی ٹینس اسٹار ڈومنیکا سبولکوا کے خلاف سخت مقابلہ میں 6-3, 6-7, (3-7), 6-3 سے شکست ہوئی ۔ راڈوانسکا یہاں 2012 اور 2014 میں سیمی فائنل کھیل چکی ہیں لیکن وہ سبولکوا کے خطرے سے بخوبی واقف تھیں۔ علاوہ ازیں دوسرے درجہ کی جرمن کی کھلاڑی کربر کو چیک جمہوریہ کی باربورا اسٹریکوا کے خلاو راست سیٹوں میں 6-4, 6-2 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ حالانکہ کربر نے گذشتہ ہفتہ ہی خطاب حاصل کیا تھا ۔ ماہ مارچ میں کربر نے اپنی حریف باربورا کو میامی میں بآسانی 6-1, 6-1 سے شکست دی تھی ۔ دریں اثناء سابق عالمی نمبر 1 وکٹوریہ ایزرینکا نے مسلسل 15 مقابلوں میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بناتے ہوئے اپنے پہلے مقابلہ میں برطانوی ٹینس اسٹار لورا رابسن کو راست سیٹوں میں 6-4, 6-2 سے شکست دی ہے ۔ وکٹوریہ کا کوارٹر فائنل میں ممکنہ طور پر پیٹرا کیویٹوا سے مقابلہ ہوسکتا ہے جنہوں نے اپنے مقابلے میں حریف لارا اروبارینہ کو 6-3, 6-2  سے شکست دے ۔