خصوصی نیم فوجی یونٹ نے پارلیمنٹ کی حفاظت کی ذمہ داری سنبھال لی

نئی دہلی 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک خصوصی کمانڈو تربیت یافتہ اسکواڈ نے جو نیم فوجی تنظیم کے سپاہیوں کا ہے، ایوان پارلیمنٹ کی عمارت کی حفاظت کی ذمہ داری سنبھال چکا ہے۔ نئی حکومت کے پہلے بجٹ اجلاس کے آغاز سے چند دن پہلے ہی یہ تبدیلی کی گئی ہے۔ کمانڈوز اور اِس اسکواڈ کا صیانتی عملہ پارلیمنٹ کے ڈیوٹی گروپ سے ملاقات کرچکا ہے۔ اِس کے عملہ کو وسیع ترین نیم فوجی تنظیم قرار دیا جاسکتا ہے۔ سب سے پہلے اِس کا قیام 2001 ء میں پارلیمنٹ پر دہشت گرد حملہ کے بعد عمل میں لایا گیا تھا۔ اِس نے اب ایوان پارلیمنٹ کی عمارت کی حفاظت کی مکمل ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ سپاہیوں کو کچھ عرصہ پہلے تعینات کیا گیا ہے اور اُنھیں اِس مہم کے بارے میں تفصیلات سے واقف کروایا گیا ہے۔ وہ 24 گھنٹے عمارت کا تحفظ کریں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی زیرقیادت حکومت کا بجٹ اجلاس 7 جولائی سے شروع ہوگا۔ اسکواڈ عمارت کی مکمل حفاظت کا ذمہ دار ہوگا جس میں اصل ایوان پارلیمنٹ، استقبالیہ کے دفتر کی عمارت، پارلیمنٹ کی لائبریری کی عمارت اور ایوان پارلیمنٹ سے ملحقہ حصہ جہاں انتہائی اہم شخصیات کے ساتھ ربط پیدا کیا جاتا ہے، نیم فوجی تنظیم کی حفاظتی ذمہ داری میں شامل ہوگا۔ ارکان پارلیمنٹ دیگر مہمانوں بشمول دہلی پولیس کو پارلیمنٹ کا صیانتی عملہ اور این ایس جی کمانڈوز تحفظ فراہم کریں گے۔ اِس کے عملہ میں 1500 سپاہی شامل ہیں جنھیں سی آر پی ایف سے منتخب کیا گیا ہے۔اِن میں کمانڈوز بھی ہیں اور آفات سماوی سے نمٹنے کی حکمت عملی کی تربیت بھی اُنھیں دی گئی ہے۔