خسر کی پولیس میں شکایت پر داماد کا انتہائی اقدام

بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے روبرو اقدام خودسوزی کا واقعہ
حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے روبرو پیش آئے ایک سنسنی خیز واقعہ میں خسر کی جانب سے پولیس میں شکایت کرنے سے دلبرداشتہ داماد نے اقدام خود سوزی کیا۔ تفصیلات کے بموجب 28سالہ ستیش ساکن مشیرآباد کی شادی بنجارہ ہلز کی ساکن لڑکی سے ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان گزشتہ چند دنوں سے اختلافات چل رہے تھے جس کے نتیجہ میں لڑکی اپنے مائیکے واپس لوٹ آئی۔ ستیش اپنی بیوی کو مسلسل مکان واپس طلب کرتا رہا لیکن وہ ناکام رہا جس کے نتیجہ میں اس نے اپنے سسرالی مکان پہنچ کر ہنگامہ آرائی کی۔ ستیش کے خسر منوج نے بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف ایک شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے اسے تحقیقات کے سلسلہ میں پولیس اسٹیشن طلب کیا تھا۔ پولیس میں شکایت کرنے سے ستیش دلبرداشتہ ہوگیا تھا اور اپنے خسر منوج کو شکایت واپس لینے کو کہہ رہا تھا اور سنگین نتائج کا انتباہ دیا تھا۔ تحقیقات کے سلسلہ میں ستیش نے آج پولیس اسٹیشن بنجارہ ہلز پہنچ کر اپنے ساتھ لائے ہوئے پٹرول کو جسم پر چھڑک کر آگ لگالی۔ اس واقعہ کے بعد بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں سنسنی پھیل گئی اور وہاں کے پولیس عملے نے ستیش کے جسم پر لگی ہوئی آگ کو ریت ڈال کر بجھایا۔ اس واقعہ میں ستیش 30 فیصد جھلس گیا اور اسے دواخانہ منتقل کیا گیا۔