حیدرآباد ۔ /8 جولائی (سیاست نیوز) کلثوم پورہ پولیس نے خسر کو قتل کرنے والے داماد کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے ہتھیار برآمد کرلئے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ /5 جولائی کو آنند سنگھ اپنے چند رشتہ داروں کی مدد سے خسر ٹی منوہر سنگھ کا پرانا پل پر بہیمانہ طور پر قتل کردیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ منوہر سنگھ سٹی سیول کورٹ کا کنٹراکٹ ملازم تھا اور اس نے اپنی بیٹی آرتھی کی شادی ڈسمبر 2012 ء میں آنند سنگھ سے کی تھی ۔ شادی میں منوہر سنگھ نے اپنے داماد کو مکمل جہیز و دیگر اشیاء تحفہ میں دیئے تھے ۔ لیکن شادی کے کچھ دن بعد ہی آنند سنگھ اپنی بیوی آرتی کے کردار پر شک کرنے لگا اور اسے ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ۔ آرتی اپنے شوہر کی ہراسانی سے دلبرداشتہ ہوکر اپنے باپ منوہر سنگھ کو واقف کروایا ۔ جس کے نتیجہ میں خاندان کے بزرگوں کی ایک پنچایت منعقد کی گئی تھی جس میں آنند سنگھ کے رویہ سے متعلق تفصیلات بتائے گئے تھے ۔ لیکن وہ اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا جس کے نتیجہ میں آرتی نے اپنے شوہر کے خلاف وویمنس پولیس اسٹیشن سی سی ایس میں مزید جہیز کی ہراسانی کا مقدمہ درج کروایا تھا اور بعد ازاں آنند سنگھ کو پولیس نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا ۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ اپنی بیوی اور سسرالی رشتہ داروں سے انتقام لینے کا فیصلہ کرلیا تھا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس مسٹر ستیہ نارائنا نے اس سلسلہ میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آنند سنگھ اپنے خسر کو جہیز کی ہراسانی کیس کو واپس لینے کیلئے دھمکا رہا تھا اور وہ اس میں ناکام رہا ۔ بعد ازاں داماد نے اپنے خسر کا قتل کرنے کیلئے منصوبہ تیار کیا جس میں اس کے قریبی رشتہ دار ڈی اومیش ، رنجیت اور 17 سالہ رشتہ کا بھائی بھی شامل ہے ۔ /5 جولائی کو منصوبہ بند طریقہ سے منوج سنگھ کا تعاقب کیا گیا اور پرانا پل پہونچنے پر اس پر تیزدھار ہتھیار اور آہنی سلاخوں سے وار کرتے ہوئے قتل کردیا گیا ۔ پولیس نے آنند سنگھ اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرلیا اور قتل میں استعمال کئے گئے دو تیز دھار چاقو ، موٹر سائیکلیں اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔