حیدرآباد۔ 2 اپریل (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے کل رات کارڈن سرچ آپریشن کے دوران اپو گوڑہ چھتری ناکہ میں دھاوا کرتے ہوئے خزانہ نکالنے کے نام پر دھوکہ دینے والے خودساختہ عامل اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون وی ستیہ نارائنا کی نگرانی میں اپو گوڑہ میں ایک مکان پر دھاوا کرکے شیخ سمیر نامی دھوکہ باز بابا کو اور اس کے دو ساتھیوں محمد زبیر اور محمد اشفاق کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شیخ سمیر نے رحیم سلطان کے مکان کے نیچے خزانہ کا دعویٰ کرکے اسے نکالنے کی غرض سے 2 لاکھ روپئے میں معاملت کی ۔ 10,000 روپئے پیشگی رقم حاصل کرکے کل رات دیر گئے 20 فیٹ گہرا گڑھا کھودا اور اس میں لیمو، پوجا پاٹ کی اشیاء رکھ کر خزانہ نکالنے کا سوانگ رچ رہا تھا۔ پولیس نے اس کوشش کو ناکام بنادیا اور سمیر اور اسکے دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا ۔ وہاں سے جادو میں استعمال کی جانے والی اشیا کو برآمد کرلیا۔ پولیس نے بھوانی نگر اور رین بازار میں کارڈن سرچ آپریشن میں داماد کے قتل میں ملوث خسر کو گرفتار کرلیا۔ یکم اپریل کی شب چاچا گیاریج بھوانی نگر کے قریب کشن باغ کے شیخ فیروز کا قتل ہوا تھا ۔ پولیس نے آپریشن کے دوران خسر ایوب خان عرف پلسر ایوب کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے 8 روڈی شیٹرس، 40 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا اور 35 سے زائد گاڑیوں کو ضبط کرلیا گیا۔