حیدرآباد ۔ /3 اگست (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ کی اسپیشل آپریشن ٹیم اور میڈی پلی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 7 دھوکے بازوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ٹولی عوام سے یہ دعویٰ کیا کرتی تھی کہ وہ خزانہ نکالنے کا جھانسہ دے کر رقم ہڑپ لیا کرتے تھے ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ اس ٹولی کا سرغنہ 64 سالہ رنگیا ہے جس کا تعلق کونڈہ پور گھٹکیسر سے ہے ۔ وہ اپنے دیگر ساتھیوں پی تمیا ، پی رمیش ، آر ناگراج ، اے شنکر ریڈی ، شیخ محمد اور پی سمیا کی مدد سے کئی افراد سے لاکھوں روپئے حاصل کرلئے اور خزانہ فراہم کرنے سے قاصر رہے ۔ رنگیا اکثر یو ٹیوب پر چمتکاری شئے دیکھایا کرتا تھا اور اس سے ترغیب لیکر اس نے عوام کو دھوکہ دینے کا منصوبہ بنایا ۔ پولیس نے اس کے قبضے سے دھوکہ دہی میں استعمال کی جانے والی اشیاء برآمد کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا ۔