خرابی صحت اور مالی پریشانیوں پر چار افراد کی خودکشی

حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) سائبرآباد حدود میں مالی پریشانیوں اور خرابی صحت سے تنگ آکر 4 افراد نے خودکشی کرلی۔ یہ علیحدہ واقعات مائیلار دیو پلی، دنڈیگل، پیٹ بشیرآباد اور صنعت نگر حدود میں پیش آئے۔ مائیلاردیو پلی پولیس کے مطابق 48 سالہ بابو راؤ جو ہوٹل میں ملازم تھا، درگا نگر میں رہتا تھا۔ بابو راؤ شدید مالی پریشانیوں کا شکار تھا۔ 22 فروری کو اس نے ایسڈ کا مبینہ طور پر استعمال کرلیا تھا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ دنڈیگل پولیس کے مطابق 58 سالہ ملیش جو دیوا نگر علاقہ کا ساکن تھا، اس شخص نے 23 فروری کے دن نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ پولیس نے مالی پریشانیوں کے سبب خودکشی کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 43 سالہ راگھوا جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا، کامپلیعلاقہ میں رہتا تھا۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق راگھوا نے کل رات خودکشی کرلی۔ اس شخص کی خودکشی پر پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے۔ صنعت نگر پولیس کے مطابق 32 سالہ کے سرینواس جو پیشہ سے ویلڈر تھا، موسیٰ پیٹ علاقہ کا ساکن تھا، اس نے خرابی صحت سے تنگ آکر کل رات خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔