خدمت کا جذبہ ،چلچلاتی دھوپ میں سیاسی سفر

ضلع نرمل میں ڈاکٹر اے سورنا ریڈی کی پدیاترا 9 ویںدن میں داخل

نرمل۔19 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈاکٹر اے سورنا ریڈی کی پدیاترا آج 9 ویں دن میں داخل ہوگئی۔ ڈاکٹر اے سورنا ریڈی جو سابق ڈپٹی اسپیکر آنجہانی اے بھیم ریڈی کی دختر ہیں۔ 9 دن قبل دلار سرپور منڈل کے مستقر سے اپنی پدیاترا کا آغاز کیا۔ یہ یاترا آج اس منڈل سے نکل کر نرسیاپور پہنچی ۔ڈاکٹر سورنا ریڈی گھر گھر پہنچ کر عوام سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے والد آنجہانی اے بھیم ریڈی کی خدمات کو یاد دلاتے ہوئے عوام کے مسائل سے واقفیت حاصل کررہی ہیں۔ ساتھ ہی وہ خود آئندہ عام انتخابات میں مقابلہ کیلئے تیار ہورہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ خواتین میں ڈاکٹر سورنا ریڈی کی سیاسی میدان میں آمد پر عوام کا ردعمل کافی اچھا دکھائی دے رہا ہے۔ سورنا ریڈی بحیثیت ڈاکٹر کافی مقبول ہیں۔ تاہم انہیں سیاسی پلیٹ فارم سے عوامی خدمات انجام دینے کی خواہش نے انہیں قبل از وقت عوام سے رجوع ہونے پر مجبور کردیا۔ یہاں یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ کسی بھی عام انتخابات سے قبل اکثر قائدین عوام کو متوجہ کرنے اور اپنی شناخت بڑھانے کیلئے پدیاتراؤں کے ذریعہ مقبولیت حاصل کرتے ہیں تاہم انتخابات کو بھی ابھی کافی وقت ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ ایک خاتون اس قدر سخت محنت کرتے ہوئے چلچلاتی دھوپ میں اپنا سیاسی سفر کررہی ہیں جبکہ گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے لوگ گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں تاہم اے سورنا ریڈی دھوپ کی پرواہ کئے بغیر گھر گھر پروگرام کو جاری رہا ہے۔