خدمت خلق کے لئے خودکو وقف کردینے کا عزم

کاغذ نگر کے آزاد امیدوار جبار خان کا بیان

کاغذ نگر۔/27اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی سرپور کے آزاد امیدوار جناب محمد جبار خان نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ حلقہ اسمبلی سرپور کے عوام کی یہ بدقسمتی ہے کہ مسٹر سنجیوا ریڈی سے لے کر مسٹر کیشولو تک جتنے بھی ارکان اسمبلی منتخب ہوئے وہ بیرونی تھے۔انہوں نے حلقہ اسمبلی سرپور کے عوام سے اپیل کی کہ انہیں اسمبلی الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی دلوائیں۔ وہ اسمبلی الیکشن میں ایک آزاد امیدوار کی حیثیت سے عوام کے روبرو ہیں۔ ان کا نشان ’ گھڑا ‘ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر عوام انہیں خدمت کا موقع دے گی تو وہ کاغذ نگر کے ہر میونسپل وارڈ میں پینے کے پانی کی سربراہی کے لئے منی ٹینک تعمیر کروائیں گے۔ اندراماں اسکیم کے تحت10% مسلمانوں کو مکانات دلوائیں گے، جن غریب افراد کو اراضی نہیں ہے انہیں اراضی دلوائیں گے۔ کاغذ نگر میں میڈیکل کالج کے قیام کے سلسلہ میں کوشش کریں گے ، گورنمنٹ ہاسپٹل میں لیڈی ڈاکٹرس DGOکا تقرر کروانے کی حتی الامکان کوشش کریں گے۔ گھریلو غریب خواتین کیلئے بیڑی کارخانہ قائم کروائیں گے۔ میناریٹی فینانشیل کارپوریشن اور بینکوں سے غریب بیوپاریوں کو قرضہ جات دلوائیں گے۔ دینی مدارس، مساجد اور قبرستانوں کیلئے مناسب فنڈز کی منظوری دلوائیں گے۔ ارد و مدارس اور اردو اساتذہ کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے۔اس موقع پر اسی مینی فیسٹو کی رسم اجرائی عمل میں آئی۔ آخر میں انہوں نے حلقہ اسمبلی سرپور کے عوام خصوصاً مسلمانوں سے اپیل کی کہ اسمبلی الکشن میں انہیں کامیابی سے ہمکنار کریں ، وہ اپنی زندگی خدمت خلق کے لئے وقف کردیں گے۔