سنگاریڈی 20 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد اشفاق حسین صدر خدمت میوچولی ایڈڈ کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی لمیٹیڈ سداسیو پیٹ نے شکیب احمد انجینئر رکن، محمد معزالدین رکن خدمت بینک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلم طبقہ سے تعلق رکھنے والے چھوٹے کاروباری افراد کو سود کی لعنت سے محفوظ رکھنے کا منصوبہ ترتیب دیتے ہوئے خدمت بینک کے ذریعہ بلا سودی قرض غریب تاجرین کو جاری کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ خدمت سوسائٹی نے اپنی پہلی شاخ شہر سنگاریڈی میں قائم کی جس کے فوری بعد سداسیو پیٹ میں اپنی دوسری شاخ قائم کی اور دونوں شاخیں کامیابی کے ساتھ کام کررہی ہیں۔ سداسیو پیٹ خدمت بینک کے آغاز کے ساتھ ہی 200 افراد نے کھاتہ کھولا تھا۔ اب تک 45 لاکھ روپئے کے مختلف کاروبار کیلئے غریب تاجرین بلالحاظ مذہب و ملت قرضہ جات جاری کئے جاچکے ہیں اور وصولی بھی پابندی سے عمل میں لائی جارہی ہے۔ گولڈ لون 50 ہزار تک کی حد مقرر کی گئی ہے۔ سونے کی لاگت 70 ہزار روپئے تک ہونی چاہئے۔ چھوٹے تاجرین کو فی کس 10 ہزار روپئے کے قرضہ جات ضمانت پر دیئے جاتے ہیں۔ خدمت بینک میں 2.50 لاکھ کے فکسڈ ڈپازٹس ہیں۔ خدمت بینک میں 527 شیئر ہولڈرس ہیں۔ بینک میں روزانہ رقم جمع کرنے والوں کی تعداد 415 ہے۔ کرانہ، سیکل میکانک اور کاروبار کیلئے 212 افراد کو قرض جاری کئے گئے۔ خدمت بینک کی جانب سے آئندہ سال تک 10 ہزار افراد کو قرض جاری کرنے کا نشانہ مقرر کئے جانے کا منصوبہ ہے۔ بینک کی کارکردگی کو مزید وسعت دینے کیلئے ذی اثر چنندہ افراد سے ڈونیشن حاصل کرنے کی بھی منظوری مل چکی ہے۔ اس سال موسم خریف میں کسانوں کو بلا سودی فرٹیلائزر اور تخم کی سربراہی بھی کی جائے گی جس سے کسانوں کو راست فائدہ ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ بینک سے جاری کردہ قرضہ جات اور جمع رقم کی تفصیلات آن لائن پر موجود ہے اور بینک کے تمام کام عوام کو سود کی لعنت سے بچانے کے لئے اسلامی طرز پر قرض جاری کئے جارہے ہیں۔ جس کے بہتر نتائج حاصل ہورہے ہیں۔ محمد اشفاق حسین صدر خدمت بینک نے بتایا کہ یومیہ بچت کھاتہ کے تحت روزانہ آمدنی والے چھوٹے کاروباری محنت کش اور خانہ دار خواتین کی سہولت کے لئے اسکیم تیار کی گئی ہے۔ روزانہ بچت اسکیم کے تحت کم از کم 10 روپئے رقم ہوگی اور ہر ماہ کم از کم 15 دن بچت جمع کرنی ہوگی۔ اس کھاتہ سے بچت کی عادت ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ محمد اطہر محی الدین شاہد ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر خدمت بینک سنگاریڈی کی نگرانی میں خدمت بینک سداسیو پیٹ و سنگاریڈی سماج کو غربت سے پاک کرنے کے علاوہ سود پر مبنی ظالمانہ نظام معیشت کی جگہ نفع و نقصان پر مبنی عادلانہ نظام معیشت کو قائم کرنے کی سعی کی جارہی ہے۔ خدمت بینک سوسائٹی کے ممبر بننے کے لئے حد عمر 18 سال سے زائد ہونی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہریش راؤ ریاستی وزیر آبپاشی سے ملاقات کرتے ہوئے خدمت بینک کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جس پر ریاستی وزیر نے کہاکہ ریاست تلنگانہ کے مختلف شہروں میں مزید برانچس قائم کرنے کی خواہش کی۔