بغداد ۔22 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)دولت اسلامیہ نے تمام مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس جہادی گروپ کے خلاف سرگرم امریکی زیرقیادت مخالف اتحاد میں شامل تمام ممالک کے شہریوں کو ہلاک کردیں ۔ اس کیلئے جو بھی راستہ ہو اُسے اختیار کیا جائے ۔ داعش کا آج ایک آن لائن بیان جاری کیاگیا جس میں ترجمان ابو محمد العدنانی نے کہاکہ اگر آپ ایک خدا کو ناماننے والے امریکی یا یوروپی بالخصوص فرنچ یا آسٹریلیا یا کینیڈا سے تعلق رکھنے والے کسی شہری اور اُن ممالک کے شہریوں جو داعش کے خلاف نبرد آزما ہیں ، کا سامنا ہوجائے تو اﷲ پر پورا بھروسہ رکھیں اور اُسے ہلاک کردیں۔ انھوں نے یہ پیام کئی زبانوں میں جاری کیا جس میں کہا گیا کہ خدا کو ناماننے والوں کو خواہ وہ عام شہری ہو یا فوجی انھیں ہلاک کردیا جائے۔ واضح رہے کہ امریکہ اور فرانس نے عراق میں داعش کے نشانوں پر فضائی حملے جاری رکھے ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ اس گروپ کو عالمی سطح پر ایک خطرہ تصور کرتے ہوئے بین الاقوامی اتحاد مستحکم کیا جارہا ہے۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے کہا کہ 50 سے زائد ممالک نے اس اتحاد میں شامل ہونے کا وعدہ کیا ہے ۔ ان میں مصر اور دیگر عرب ممالک بھی شامل ہیں۔ جہادی گروپ نے عراق اور شام کے بیشتر علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے اور یہاں نظام خلافت کے قیام کا اعلان کیا ہے ۔اس گروپ نے کئی عراقی اور شامی شہریوں کے علاوہ بیرونی یرغمالیوں کو انتہائی ظالمانہ انداز میں ہلاک کردیا ۔ اُن کی اس مہم کی وجہ سے لاکھوں افراد اپنے گھر بار چھوڑکر چلے گئے ہیں۔ عدنانی کا بیان عربی زبان میں جاری کیا گیا اور اِ س کا دیگر کئی زبانوں بشمول انگریزی زبان میں ترجمہ بھی کیا گیا ۔ عدنانی نے مصر کے سینائی علاقہ میں شدت پسندوں کی تعریف کی اور کہا کہ صدر عبدالفتح السیسی کی حمایت میں لڑنے والوں کے گلے کاٹ دیئے جائیں۔ انھوں نے یمن پر بھی شیعہ حوثی باغیوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے پر تنقید کی ۔ عدنانی نے کہاکہ ہم بہت جلد روم پر قبضہ کریں گے اور تمام سرحدوں کو مٹا دیں گے ۔ یہی نہیں بلکہ اﷲ نے چاہا تو تمہاری خواتین کو باندی بنالیا جائے گا ۔ انھوں نے امریکی فضائی مہم کا بھی مضحکہ اُڑایا اور کہا کہ لڑائی کا فیصلہ فضاؤں میں نہیں کیا جاتا ، کیا امریکہ اور اُس کے حلیف اس قدر بزدلہیں کہ وہ زمین پر مقابلے کی ہمت نہیں رکھتے ؟