مکتہ المکرمہ ، 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بیت اللہ شریف کے نئے کلید بردار کو خانہ کعبہ باب التوبہ اور مقام ابراہیم کی کنجیاں سپرد کر دی گئیں۔ غسل خانہ کعبہ کی تقریب 15 محرم الحرام کو ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل خانہ کعبہ کے کلید بردار عبدالقادر الشبیی کا انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد سعودی حکومت نے ان کے بڑے صاحبزادے ڈاکٹر صالح این العابدین کو نیا کلید بردار مقرر کیا تھا۔ گزشتہ روز خانہ کعبہ میں خانہ کعبہ باب التوبہ اور مقام ابراہیم کی کنجیاں نئے کلید بردار کے سپرد کرنے کے حوالے سے تقریب ہوئی جس میں صرف الشبیی خاندان اور سعودی حکام نے شرکت کی۔ تقریب میں نئے کلید بردار نے کہا کہ باپ کی شفقت سے محرومی کا غم جبکہ عظیم منصب ملنے پر خوشی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس اہم فریضے کی ادائیگی میں میری مدد کرے۔ شیخ صالح الشبیی کی سربراہی میں 15 محرم الحرام کو غسل خانہ کعبہ کی تقریب منعقد ہوگی۔