فرنیچر ، کمپیوٹرس اور آلات کو نقصان، انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج
حیدرآباد ۔ 24 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) لکڑی کا پل کے علاقہ میں آج رات اُس وقت کشیدگی پھیل گئی جب ایک مریضہ کے فوت ہوجانے پر برہم رشتہ داروں نے دواخانہ میں ڈاکٹرس کی مبینہ لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے توڑ پھوڑ مچادی ۔ تفصیلات کے بموجب 45 سالہ شمیم بیگم ساکن سنتوش نگر کو لکڑی کا پل میں واقع گلوبل ہاسپٹل میں سینہ میں تکلیف اور پھیپھڑوں میں درد کی شکایت پر 18 ڈسمبر کو شریک کروایا گیا تھا اور حالات اچانک بگڑنے کے بعد خاتون کی آج شام موت واقع ہوگئی ۔ برہم رشتہ داروں نے ڈاکٹروں پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے دواخانہ میں داخل ہوکر اچانک توڑ پھوڑ کردی اور دواخانہ کے فرنیچر و کمپیوٹرس و دیگر آلات کو نقصان پہونچایا ۔ اس واقعہ کے بعد لکڑی کا پل علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی اور حالت کو قابو میں لانے کیلئے بھاری پولیس فورس کو متعین کردیاگیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس سیف آباد وینو گوپال ریڈی نے کہاکہ شمیم بیگم کو سینہ میں تکلیف کی شکایت پر دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا جہاں پر ڈاکٹروں نے اُنھیں سوئن فلو ہونے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے اُن کا علاج شروع کیا تھا ۔ انھوں نے کہاکہ رشتہ داروں کو دواخانہ انتظامیہ نے سوائن فلو ہونے کا علاج شروع کرنے کی بات بتائی تھی ۔ اے سی پی نے بتایا کہ رشتہ داروں کی شکایت پر دواخانہ انتظامیہ کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ دواخانہ کے مینجمنٹ کی شکایت پر رشتہ داروں کے خلاف بھی ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ پولیس دو علحدہ مقدمات کی ہر زاویہ سے تحقیقات کریگی۔ پولیس نے دواخانہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرلی ہے تاکہ ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جاسکے۔ دریں اثناء دواخانہ کے انتظامیہ نے ایک پریس نوٹ جاری کیا جس میں علاج کے دوران کسی بھی قسم کی لاپرواہی کے الزام کی تردید کی ۔