میڈیکل کونسل آف انڈیا اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج
حیدرآباد 8 مئی (سیاست نیوز) سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے میڈیکل کونسل آف انڈیا کے دو ملازمین اور خانگی میڈیکل کالج سے وابستہ ایک شخص کے خلاف مجرمانہ سازش اور رشوت ستانی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے حیدرآباد، دہلی اور دیگر مقامات پر بیک وقت دھاوے کئے۔ تفصیلات کے بموجب میڈیکل کونسل آف انڈیا کے دو کلرکس سنتوش کمار اور سندیپ کمار نے شہر کے مضافاتی علاقہ میں واقع ایک میڈیکل کالج کے حق میں کام کرتے ہوئے ایم بی بی ایس 2016-17 ء سال اول کے طلبہ کا رجسٹریشن کروانے کی کوشش کی۔ سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ میڈیکل کونسل آف انڈیا کے دو ملازمین نے اپنے سرکاری اختیارات کا بے جا استعمال کرتے ہوئے خانگی میڈیکل کالج کی مدد کرنے کی کوشش کی اور بھاری رقومات بطور رشوت حاصل کئے۔ سی بی آئی نے بتایا کہ خانگی میڈیکل کالج کے حق میں سرکاری کام انجام دینے اور زیرالتواء فائیلس کی منظوری کے لئے ایم سی آئی کے دو ملازمین سنتوش کمار اور سشیل کمار نے 4 لاکھ روپئے رشوت حاصل کی۔ اس ضمن میں اطلاع ملنے پر سی بی آئی عہدیداروں نے ایم سی آئی کے کلرکس اور میڈیکل کالج سے وابستہ خانگی شخص کے مکانات واقع دہلی، حیدرآباد میں دھاوا کرتے ہوئے وہاں سے شواہد اکٹھا کئے۔ سی بی آئی نے اِس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔