حیدرآباد۔ 16 جنوری (سیاست نیوز) ٹپہ چبوترہ پولیس نے خانگی فینانسر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا اور تمام ریکارڈس ضبط کرلئے۔ انسپکٹر محمد ریاض الدین نے بتایا کہ مقامی شہری کی شکایت پر 70 سالہ جگدیش پرساد جیسوال کو حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات پر یہ انکشاف ہوا کہ وہ غیرقانونی طور پر فینانس کا کاروبار کررہا تھا۔ وہ بھاری شرح سود پر قرض دیتا اور دو تا تین ماہ اقساط کی عدم ادائیگی پر دوسرا معاہدہ کرتے ہوئے قرض کی رقم دوگنی کردی جاتی۔ یہی نہیں بلکہ وہ قرض لینے والوں کے بینک پاس بک اور اے ٹی ایم کارڈس کو پاس ورڈ کے ساتھ اپنے قبضہ میں لے لیا کرتا۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔