خانگی فینانسروں کے خلاف پولیس کی مہم

سنتوش نگر اور فلک نما ڈیویژنس میں 16 سود خور زیر حراست
حیدرآباد 27 مارچ (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس خانگی فینانسروں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور آج کئے گئے تازہ ترین دھاوؤں میں 16 سود خوروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ سنتوش نگر ڈیویژن اور فلک نما ڈیویژن میں ساؤتھ زون پولیس کی ٹیموں نے سود خوروں کے ٹھکانوں پر صبح کی اولین ساعتوں میں بیک وقت دھاوے کرتے ہوئے اُنھیں حراست میں لے لیا اور اُن کے قبضہ سے بھاری مقدار میں دستاویزات اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ساؤتھ زون پولیس کل مزید تفصیلات کا انکشاف کرے گی اور اب تک سود خوروں کے خلاف 6 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ سود خوروں کے خلاف شکایت کنندگان کی نشاندہی کی جارہی ہے تاکہ اُن کے خلاف مقدمات درج کئے جاسکیں۔