خانگی دواخانوں کی من مانی پر عنقریب لگام

کریم نگر 18 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میڈیکل اینڈ ہیلت کے اعلی عہدیداروں کی تساہلی اور غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کی وجہ سے ضلع کریم نگر میں خانگی دواخانوں کے قیام میں اضافہ ہوا، جو صد فیصد کاروباری انداز میںچلائے جارہے ہیں اور مریضوں کو پریشان کرتے ہوئے من مانی فیصد وصول کی جارہی ہے ۔ معمولی بیماری کو شدید بتاکر سٹی اسکان، ایم آر آئی انجیو گرافی وغیرہ کے نام دوسرے داخانوں بھیجوا کر کمیشن وصول کیا جارہا ہے ۔ دیکھتے ہی دیکھتے خانگی دواخانوں کی عمارتیں کارپوریٹ دواخانوں میں تبدیل ہونا معمول بن گیا ہے۔ اب ان تمام دواخانوں کو قاعدے قانون کی پابندی کے تحت لانے کیلئے ڈی ایم ایچ او نے منصوبہ بندی کرلی ہے ۔ اس سلسلہ میں ایسے تمام دواخانے جنہیں بغیر اجازت قائم کیا گیا ہے یا جن کی اجازت کی معیاد پوری ہوچکی ہے،

تجدید نہیں کروائے ہیں عصری علاج کے نام پر عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہے غیر سند یافتہ ڈاکٹر ز دیہی سطح سے مریضوں کو گھیر کر لاکر اکثر دواخانوں میں مریضوں کی جیب ہلکی کی جارہی ہے ۔ دوسری طرف انہیں جان کا خطرہ بتلا کر پریشان کیا جارہا ہے ۔ آئے دن اس طرح کے واقعات سے دواخانوں میں توڑ پھوڑ ہورہی ہے ۔ اب ان واقعات کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جارہا ہے ۔ دو سال قبل ڈاکٹر بی این راو آئی ایم اے صدر ضلع نے غیر مجاز غیر اجازت یافتہ اور بد عنوان دواخانوں کے خلاف سخت اقدامات شروع کئے تھے، جس کی وجہ سے ان کی مخالفت کی گئی تھی لیکن انہوں نے سختی کے ساتھ اقدامات کئے تھے ۔ اس کے بعد پھر ان دواخانوں کے مالکین نے وہی اپنے پرانے رویہ پر عمل پیرا ہوچکے ہیں اب حکومت کی ہدایت کے مطابق غیر اجازت یافتہ دواخانوں کی نشاندہی کر کے انہیں نوٹس روانہ کی جارہی ہے

ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر ڈاکٹر محمد علیم نے اطلاع دی۔ بعدازاں انڈین میڈیکل اسو سی ایشن کے ساتھ دواخانوں کا معائنہ بھی کیا جائے گا ۔ کلکٹر نے عوام اور مریضوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک ،لوٹ کھسوٹ کرنے والے دواخانہ انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ۔