خانگی تعلیمی اداروں میں لوٹ کھسوٹ پر احتجاج

آرمور۔/11جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور میں خانگی تعلیمی ادارے جو فیس وصول کررہے ہیں اس پر طلباء و دیگر تنظیموں کی جانب سے غصہ کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اس طرح آج این ایس یو آئی طلباء تنظیم کے منڈل صدر محمد شاہد اور طلباء جے اے سی کے کنوینر سنیل نے خانگی اسکولوں کی اس حرکت پر منڈل ایجوکیشن آفیسر راجا گنگا رام کو ایک یادداشت پیش کی جس میں کہا گیا کہ خانگی اسکولس میں اولیائے طلباء کو لوٹا جارہاہے ۔ طلباء سے سالانہ فیس 12تا17ہزار روپئے وصول کی جارہی ہے اس طرح فیس کے نام پر لوٹا جارہا ہے۔ سرکاری مدارس میں بہتر طریقہ پر تعلیم نہ ہونے اور ٹیچرس کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے اولیائے طلباء خانگی مدارس میں طلباء کو بھیجنے پر مجبور ہیں۔ لیکن خانگی مدارس رائیٹ ٹو ایجوکیشن ایکٹ(RTE) کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے من مانی چلارہے ہیں۔ تنظیم کے نوجوانوں نے بتایا کہ حکام کی اس طرف توجہ نہ ہونے یا نظرانداز کرنے پر خانگی مدارس کی من مانی جاری ہے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ اس طرز کو روک لگائے اور آر ٹی ای کے تحت خانگی مدارس میں 25فیصد غریب طلباء کو مفت تعلیم دی جائے۔