خانگی اسکول کی لیباریٹری سے گیس کا اخراج ‘ 14 طلبا و طالبات متاثر

حیدرآباد /30 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ٹولی چوکی گلشن کالونی میں آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک خانگی اسکول کی لیباریٹری سے گیس کے اخراج کے سبب 14 طلبا و طالبات اچانک علیل ہوگئیں ۔ گولکنڈہ پولیس نے بتایا کہ اسکول کے احاطہ میں لیباریٹری سے آج دوپہر نیٹرس آکسائڈ کمیکل گیس کے اچانک اخراج سے چھٹی جمات کے اے اور بی سیکشن کے 14 طلبا اچانک علیل ہوگئے اور انہیں سانس لینے میں دشواری پیش آنے کے سبب مقامی دواخانہ منتقل کیا۔ اس واقعہ کے بعد ٹولی چوکی علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور طلباء کے والدین اس بات کی اطلاع ملنے پر تشویش کا شکار ہوگئے ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس مسٹر اے وینکٹیشور راؤ اور چیرمین ریاستی اقلیتی کمیشن مسٹر عابد رسول خان نے اسکول کا معائنہ کیا ۔ انسپکٹر گولکنڈہ مسٹر خلیل پاشاہ نے یہ بتایا کہ اسکول میں پیش آئے اس واقع میں علیل طلباء کی حالت مستحکم ہے اور انہیں دواخانہ میں آکسیجن دیا گیا ۔ گولکنڈہ پولیس نے خانگی اسکول کے خلاف لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔