حیدرآباد۔ /25 جولائی (سیاست نیوز) خانگی اسکول انتظامیہ کی جانب سے اسکولی طلبہ پر فیس کی ادائیگی کیلئے دباؤ ڈالنے کا ایک سنگین واقعہ پیش آیا جس میں ساتویں جماعت کے طالبعلم نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کاواڑی گوڑہ مشیرآباد میں مہیش نامی طالبعلم کو خانگی اسکول انتظامیہ نے فیس کی عدم ادائیگی پر اسے مکان بھیج دیا تھا جس سے دلبرداشتہ ہوکر طالبعلم نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ مہیش کی خودکشی کے واقعہ کے بعد طلبہ تنظیموں نے اسکول پہونچکر وہاں پر زبردست احتجاج کیا اور بعد ازاں اسکول میں داخل ہوکر فرنیچر اور دیگر اشیاء کو توڑپھوڑ کیا ۔ پولیس اس سلسلے میں تحقیقات کررہی ہے ۔ لٹل فلاور ہائی اسکول واقع کواڑی گوڑہ نے اس بات تردید کی ہے کہ ساتویں جماعت کا طالب علم مہیش گذشتہ دو دن سے غیر حاضر تھا اور اسے فیس کی ادائیگی کے لیے ہراساں نہیں کیا گیا تھا ۔