خانگی اسکولس سے آمدنی اور خرچ کی تفصیلات کی طلبی

/15 ستمبر تک داخل کرنے کی ہدایت ، تروپتی راؤ کمیٹی کی سفارشات پر محکمہ تعلیمات کا اقدام
حیدرآباد ۔ /31 اگست (سیاست نیوز) خانگی اسکولس کی جانب سے وصول کی جانے والی بے تحاشا فیسوں کی روک تھام کے اقدامات کے طور پر محکمہ تعلیمات نے ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے خانگی اسکولس کی جانب سے وصول کی جانے والے فیسوں کی روک تھام کیلئے تقرر کردہ کمیٹی کے صدر سابق وائس چانسلر پروفیسر تروپتی راؤ کی پیش کردہ سفارشات پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے ۔ کمیٹی نے سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر ایک اسکول کی آمدنی اور خرچ کی تفصیلات حاصل کی جانی چاہئیے ۔ اس کے ضمن میں محکمہ تعلیمات کے کمشنر جی کشن نے 2015-16 ، 2016-17 کے تعلیمی سالوں کے دوران تمام اسکولس کی آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات /15 ستمبر تک حاصل کرنے کیلئے تمام اضلاع کے ایجوکیشن آفیسرس کو احکامات جاری کئے ہیں ۔ علاوہ ازیں جاریہ تعلیمی سال میں اسکولس کی جانب سے وصول کی جانے والی فیسوں کی بھی تفصیلات روانہ کرنے کا حکم دیا ہے اور تمام تفصیلات کی محکمہ تعلیمات کو آن لائن روانگی کیلئے خصوصی سافٹ ویر تیار کیا گیا ہے اور اس عمل کی تکمیل کیلئے تمام خانگی اسکولس کو /15 ستمبر تک مہلت دی گئی ہے ۔