خانگی اراضی میں داخل ہو کر سپروائزر پر حملہ کرنے والا تاجر گرفتار

حیدرآباد ۔ /31 جنوری (سیاست نیوز) چندرائن گٹہ پولیس نے خانگی اراضی میں داخل ہونے اور ایک سوپر وائزر پر مبینہ طور پر حملہ کرنے کے الزام میں پولیس نے ایک رئیل اسٹیٹ کے تاجر کو گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما مسٹر ایم اے رشید کے بموجب /27 ڈسمبر 2018 ء کو اکبر باغ کے ساکن محمد مبشر الدین پراجکٹ منیجر پرائیڈ انڈیا لمیٹیڈ نے پولیس چندرائن گٹہ سے ایک تحریری شکایات درج کروائی تھی جس میں الزام عائد کیا تھا کہ ان کے سائیٹ سوپر وائزر محمد عرفان پر جمال الدین اور دیگر افراد نے حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا ۔ درخواست میں یہ بھی بتایا گیا کہ بنڈلہ گوڑہ میں واقع اراضی میں پرائیڈ انڈیا کی سائیٹ میں داخل ہوکر ملکیت کو نقصان پہونچایا تھا اور جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی ۔ سب انسپکٹر ایم کونڈل راؤ نے اس ضمن میں ایک مقدمہ تعزیرات ہند کے دفعات 447 ، 427 ، 324 اور 506 کے تحت درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور آج اس کیس کے ملزم جمال الدین کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمال الدین کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ اس کیس کے دیگر ملزمین محمد شفیق عبید الکسیری ، پرویز پٹیل ، امان قریشی اور عرفان مفرور ہیں ۔