خاموشی جب بولتی ہے تو بہت زور سے بولتی ہے

مودی کے وندے ماترم نعروں پر نتیش کمار کی خاموشی اور کھسیانی مسکراہٹ
پٹنہ ۔ یکم / مئی (سیاست ڈاٹ کام) خاموشی ، الفاظ سے زیادہ زور سے بولتی ہے ۔ جس کا ثبوت آج یہاں وزیراعظم کی ریلی میں دیکھا گیا جس میں ان کے حلیف نتیش کمار اس وقت خاموش بیٹھے رہے جب نریندر مودی اور ان کے حامی ’بھارت ماتا کی جئے ‘ اور ’ وندے ماترم ‘ کے نعرے لگا رہے تھے ۔ دربھنگا میں منعقدہ ریلی کا ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی سے گشت کرنے لگا جس میں مودی اور دوسروں کواس ریلی میں کھڑے ہوکر ’وندے ماترم‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے بتایا گیا اور ساری فضاء ان نعروں سے گونجنے لگی ۔ ایل جے پی کے سربراہ اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان بھی نعرہ لگانے والوں میں شامل تھے ۔ اس دوران نتیش کمار کو کھسیانی مسکراہٹ میں مصروف بتایا گیا ۔ اس ویڈیو فوٹیج پر ایک جرنلسٹ نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’نتیش کمار کا عجیب معاملہ ہے ۔ کبھی مدمقابل کے طاقتور حریف تھے اور اب حامی موم بن گئے ہیں ‘ ۔ ایک اور شخص نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’نتیش کمار کا جوش و خروش قابل دید ہے ‘ ۔

وندے ماترم کہنے سے قبل سوچنے والوں سے خبردار : مودی
نئی دہلی۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے مختلف مقامات پر اپنی انتخابی مہم کے دوران ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان افراد سے خبردار رہنا چاہئے جو ایک مرتبہ ’’بھارت ماتا کی جئے‘‘ کہنے سے قبل 100 مرتبہ سوچتے ہیں۔ مودی نے کہا کہ ’وندے ماترم کے نعرے کو دفن کرنے کی شرمناک کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف بی جے پی ہی ہے جو برسرعام یہ مکمل ترانہ گانے کی جرأت رکھتے ہیں۔