امریکہ کے سواء مغرب و مشرق تمام ملکوں سے مزید قربت کی خواہش
تہران ۔ 16 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران کے رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے ساری دنیا کے ساتھ بہتر تعلقات پر زور دیا ہے لیکن انھوں نے امریکہ کے ساتھ بہتر تعلقات کی تائید نہیں کی ۔ خامنہ ای کے ویب سائیٹ پر جاری کردہ انگریزی ترجمہ کے مطابق خامنہ ای نے گزشتہ روز صدر حسن روحانی اور ان کی کابینہ سے ملاقات کی اور بیرونی ممالک کے ساتھ تعلقات و سفارت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہاکہ ’’امریکہ جیسے چند ملکوں کے سواء بشمول مغرب و مشرق دیگر ممالک کے ساتھ ایران کے تعلق کو مزید فروغ دیا جانا چاہئے۔ امریکہ نے 2015 ء میں ایران کے ساتھ طئے شدہ نیوکلیئر سمجھوتہ سے اپنی دستبرداری اور ایران پر دوبارہ تحریدادت عائد کرنے کا مئی میں اعلان کیا تھا جس کے بعد سے تہران کے سفارت کار یوروپی اور ایشیائی طاقتوں کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی سرگرم مساعی میں مصروف ہیں۔