خارجہ سروس کے سابق ملازم ستیندر کمار کانگریس میں شامل

نئی دہلی23اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام )انڈین فارن سروس (آئی ایف ایس)کے سابق ملازم ستیندر کمار منگل کو کانگریس میں شامل ہوگئے اور پارٹی کو امید ہے کہ اس سے اترپردیش میں اس کی بنیاد مضبوط ہوگی۔کانگریس کے اترپردیش کے انچارج اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد اور اترپردیش کانگریس کی صدر راج ببر کی موجودگی میں پارٹی کی رکنیت حاصل کرتے ہوئے مسٹر کمار نے کہا کہ وہ شروع سے ہی کانگریس کے نظریے سے نزدیکی محسوس کرتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سروس سے ریٹائرہوکر وہ عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اس لئے کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔ آزاد نے کہا کہ کمار اسی سال جون میں خارجہ سروس سے ریٹائر ہوئے ہیں۔وہ اترپردیش کے سہارن پور علاقے سے ہیں اور دلت طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے 350ساتھیوں کے ساتھ کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔انہوں نے مسٹر کمار کا کانگریس میں استقبال کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے آنے سے کانگریس کو فائدہ ہوگا۔