خاتون کے پیٹ سے 5.5 کیلو وزنی رسولی نکالی گئی

سدی پیٹ /4 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سدی پیٹ کے ہائی رسک سنٹر دوا خانہ میں آپریشن کے ذریعہ ایک خاتون کے پیٹ سے 5.5 کیلو وزنی رسولی نکالی گئی۔ ہاسپٹل انچارج کاشی ناتھ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سدی پیٹ منڈل کے موضع نارائن راؤ پیٹ کی متوطن وجیا درد شکم کی شکایت لے کر دوا خانہ سے رجوع ہوئی تھی۔ گیاناکو لوجسٹ ڈاکٹر ارونا نے بروقت تشخیص کرتے ہوئے پیٹ میں رسولی ہونے کا پتہ چلایا اور آپریشن کے ذریعہ 5.5 کیلو وزنی رسولی نکالی۔ ڈاکٹر کاشی ناتھ نے بتایا کہ آروگیہ شری کے تحت اس خاتون کا آپریشن کیا گیا، جس کی وجہ سے خاتون کو نئی زندگی ملی۔ انھوں نے کہا کہ ماہ اپریل سے تاحال ہائی رسک سنٹر میں 151 زچگیاں کی گئیں۔ اس دوران ڈسٹرکٹ کلکٹر سمیتا سبھروال نے ڈاکٹروں کی کار کردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس سنٹر میں مزید 30 بستروں کا اضافہ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں مزید تین رومس کو اے سی سے لیس کیا جائے گا۔ ڈاکٹر کاشی ناتھ نے کہا کہ ان سہولتوں سے خواتین کو کافی فائدہ ہوگا۔