خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور فرضی ویڈیو کی تیاری کا شاخسانہ

متاثرہ خاتون کی شکایت پر سائبر کرائم پولیس کی کارروائی ملزم جیل منتقل
حیدرآباد /28 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) نجی تصاویر سے چھیڑ چھاڑ اور فرضی ویڈیوز تیار کرتے ہوئے خاتون کے ساتھ خواہش پوری کرنے کی کوشش نے ایک شخص کو جیل منتقل کردیا ۔ رچہ کنڈہ سائبر کرائم پولیس نے موثر کارروائی کرتے ہوئے 45 سالہ وی سرینواس راؤ کو گرفتار کرلیا جو ایک خاتون کو ہراساں و پریشان کر رہا تھا ۔ اس خاتون کی نجی تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اس نے اس کی چند قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز تیار کئے تھے اور خاتون کو دھمکا رہا تھا اس نے پولیس کے مطابق خاتون کے بھائی اور والد کو بھی یہ تصاویر روانہ کی تھیں اور خاتون سے اپنی خواہش پوری کرنے کا مطالبہ کر رہا تھا ۔ خاتون نے شدید ذہنی تناؤ کے عالم میں سائبر کرائم سے رجوع ہوکر شکایت درج کروائی ۔ پولیس کے مطابق خاتون اور خاطی شخص دونوں سابق میں بنگلور کی ایک کمپنی میں ایک ساتھ کام کرتے تھے اور اس وقت اس نے ان تصاویر کو حاصل کیا تھا جس کو اب تیار کرکے تقسیم کر رہا تھا ۔ پولیس رچہ کنڈۃ نے برسرکار خواتین و لڑکیوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے ۔