خاتون کی مشتبہ موت کا ذمہ دار شوہر یا پالتو کتا ۔ پولیس کیلئے معمہ

حیدرآباد۔/27جنوری، ( سیاست نیوز) خاتون کی مشتبہ موت کا ذمہ دار شوہر ہے یا پھر اس کا پالتو کتا اس بات کا پتہ چلانا سائبرآباد کے لئے کافی مشکل ہوگیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کوکٹ پلی کے علاقہ میں ایک 24 سالہ خاتون لاڈلی کی بلندی سے مشتبہ طور پر گرنے کے سبب موت ہوگئی۔ لاڈلی کے والد نے اپنے داماد لاڈلی کے شوہر سائی مدیراج پر بیٹی کی موت کا الزام لگایا ہے جبکہ خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ اس کی بیوی حادثات طور پر بلندی سے نیچے گر پڑی چونکہ پالتو کتے نے اچانک اس کی بیوی پر چھلانگ لگائی۔ الزامات اور صفائی کے بیانات کے درمیان پولیس کے سامنے ایک انسان اور ایک جانور ہے ۔ لاڈلی اور اسکا شوہر سائی مدیراج سری ندھی اپارٹمنٹ میں رہتے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ خاتون پانچویں منزل سے مشتبہ طور پر گر پڑی۔ اس وقت مکان کی چھت پر لاڈلی اس کا شوہر مدیراج کے علاوہ خاتون کی نند سدھا رانی بھی موجود تھی۔ پولیس نے خاتون کے شوہر کے بیان پر شبہ کا اظہار کیا ہے۔