حیدرآباد /12 ستمبر ( سیاست نیوز ) سعیدآباد علاقہ میں خاتون کی مشتبہ موت کے بعد حالات کشیدگی کا رخ اختیار کرگئے ۔ شوہر کو مارپیٹ سے دلبرداشتہ خاتون کی مشتبہ موت کا واقعہ سعیدآباد کے علاقہ پوسل بستی میں پیش آیا ۔ خاتون کے رشتہ داروں نے جہاں سعید آباد پولیس اسٹیشن پر زبردست احتجاج منظم کیا تو وہیں پولیس رویہ کے خلاف افضل گنج میں احتجاج کے ذریعہ ٹریفک کو جام کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 31 سالہ ششروتھا پوسل بستی علاقہ کے ساکن موہن راؤ کی بیوی تھی ۔ اس کی شادی 8 سال قبل ہوئی تھی اور اس کے دو بچے ہیں کل موہن راؤ جب مکان پہونچا تو اس کی بیوی نہارہی تھی ۔ اس نے اپنی بیوی کو نیم برہنہ حالت میں حمام سے باہر نکال کر مارپیٹ کا نشانہ بنایا ۔ ذرائع کے مطابق موہن راؤ جب مکان پہونچا تب اس کے والدین نے بتایا کہ اس کی بیوی نے غسل کرنے برقی ہیٹر کا استعمال کیا جس سے برقی بل بہت آرہا ہے ۔ اس بات پر برہم موہن راؤ نے اپنی بیوی کو نیم برہنہ حالت میں زدوکوب کیا ۔ اس بات سے اپنی بے عزتی اور محلے والوں کی نظر میں رسوائی سے دلبرداشتہ ہوکر ششروتھا نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ لڑکی کے ولدین اور رشتہ داروں کا الزام ہے کہ لڑکی نے خودکشی نہیں کی بلکہ اس کے رشتہ داروں نے اسے مارکر کہانی تیار کی ہے اور برہم رشتہ داروں نے افضل گنج کے علاقہ میں پولیس سعیدآباد کے رویہ کے خلاف سخت احتجاج کیا ۔ احتجاج سے تقریباً ایک تا دیڑھ گھنٹہ ٹریفک جام ہوگیا ۔ ششروتھا کے والدین نے موہن راؤ کے افراد خاندان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔