خاتون کی قیادت میں 7 رکنی دھوکہ بازٹولی گرفتار

سافٹ ویر کمپنیوں میں ملازمت کا چھانسہ لاکھوں روپئے ہڑپ

حیدرآباد 7مارچ ( سیاست نیوز )سائبر آباد کرائم پولیس نے 7 رکنی دھوکہ بازوں کی ٹولی جس کی سرغنہ خاتون ہے کو گرفتار کرلیا جو مشہور سافٹ ویر کمپنیوں میں ملازمت کا جھانسہ دے کر ٹھگ لیا تھا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرلی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائمس) شریمتی جانکی شرمیلا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس ٹولی کی سرغنہ ٹولی چوکی کی ساکن شیخ بی بی ہاجرہ عرف زویا خان ہے جو اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے بے روزگار نوجوانوں کو ویپرو کمپنی میں ملازت کا جھانسہ دیکر لاکھوں روپئے ہڑپ لئے ۔ شریمتی شرمیلا نے بتایا کہ کوکٹ پلی کے ساکن ایک طالب علم ایس ورون نے سائبر کرائم پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس میں یہ بتایا کہ زویا اختر نامی خاتون نے ان سے دیڑ ھ لاکھ روپئے حاصل کرنے کیلئے جعلی تقرر نامہ حوالے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ بی بی ہاجرہ نے اپنے دیگر ساتھیوں ویپن کمار ،سنو سنگھ اور سندیپ کمار داس متوطن نوئیڈا گڑ گاؤں کی مدد سے ویپرو ٹکنالوجیز کے جعلی تقرر نامے تیار کئے اور 10 بیروزگار نوجوانوں کے حوالے کئے ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ سائبر کرائم پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا

اور دھوکہ بازوں کا پتہ دہلی میں لگاتے ہوئے انہیں وہاں گرفتارکرلیا۔بتایا جاتا ہے کہ شیخ بی بی ہاجرہ اس ٹولی کی قیادت کر رہی تھی اور وہ بڑی چالاکی سے بیروزگار نوجوانوں کو راغب کرتے ہوئے اپنے بینک اکاونٹس میں بھاری رقومات کی منتقلی میں ملوث تھی۔ ہاجرہ سابق میں ایچ آر منیجر کی حیثیت سے ملازمت کرچکی ہے اور بیروزگار نوجوانوں کی تفیصلات انٹرنیٹ سے حاصل کرنے کے بعد اپنے دو ساتھیوں انیل کمار اور وگنیش شکلا کی مدد سے نوجوانوں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے انہیں ویپرو ٹکنالوجیز میں ملازمت کا وعدہ کرتے ہوئے انہیں ویپرو کمپنی میں انٹرویو بھی لیا کرتے تھے ۔ ملزمین کو سائبر آباد کی پولیس نے نئی دہلی میں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے بیروزگار نوجوانوں کی جانب سے حاصل کئے گئے 1.9 لاکھ روپئے برآمد کرتے ہوئے انہیں ٹرانزٹ وارنٹ پر حیدرآباد منتقل کیا اور بعدازاں جیل بھیج دیا۔