خاتون کی سب انسپکٹر شوہر کے خلاف شکایت

ہراسانی اور ویڈیوز کی تیاری کا الزام ، ساس و خسر سے خطرہ کا ادعا
حیدرآباد /30 مئی ( سیاست نیوز ) پولیس کو عوام سے قریب کرنے اور عوام دوست پالیسیوں پر عمل آوری کو اولین ترجیح دینے والے پولیس ڈپارٹمنٹ اور حکومت کو ہر آئے دن سخت تجربات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ایک ایسا ہی واقعہ ملکاجگیری پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں ایک سب انسپکٹر کی بیوی نے اپنے شوہر کے خلاف شکایت کردی ۔ بتایا جاتا ہے کہ جیوتی نامی خاتون نے اپنے شوہر پر سنگین و حیرت ناک الزامات لگائے ہیں اور اس کے والدین پر بھی ہراسانی کا الزام لگایا ہے ۔ جیوتی کا شوہر لکشما ریڈی سب انسپکٹر سنگاریڈی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا ہے ۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے اس واقعہ میں پولیس بھی اپنے ساتھی کی بھرپور تائید کے الزامات کا سامنا کر رہی ہے ۔ جیوتی کے مطابق اس سب انسپکٹر نے اپنے مکان میں جگہ جگہ ویڈیو کیمیرے نصب کئے اور ان کیمروں میں ریکارڈ تمام مواد کو یہاں تک کہ جنسی تعلقات کے ویڈیو بھی اس نے تیار کئے تھے اور ان کو سوشیل نٹ ورکنگ سائیٹس پر ڈالنے کی دھمکی دے رہا تھا ۔ جیوتی نے اپنے بیان میں بتایا کہ لکشما ریڈی کے ناجائز تعلقات پائے جاتے ہیں ۔ وہ اس سے طلاق کا مطالبہ کر رہا تھا ۔ خاتون نے ساس خسر پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اسے جان سے ماردینا چاہتے ہیں اور ہر دن اس بات سے ہراساں کیا جاتا رہا ہے کہ اگر تیرا پیچھا چھوٹ جاتا ہے تو ہمارے لڑکے کو 5 کروڑ زائد جہیز پر دوسری شادی کا رشتہ ڈھونڈ لیں گے ۔ اس خاتون نے الزام لگایا کہ ایک سے زائد مرتبہ اس خاتون کو جان سے مارنے کی بھی دھمکی دی گئی اور فیان سے پھانسی دینے کا بھی منصوبہ تیار کیا گیا تھا ۔ اس خاتون نے شوہر اور ساس خسر سے اپنے اور اپنے بیٹے کی جان کو خطرہ قرار دیا اور ان کے تحفظ کے اقدامات کا مطالبہ کیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر کے خلاف پولیس نے کارروائی کی تھی جس کو ایک ہی دن میں ضمانت منظور ہوچکی ہے ۔